• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ہائی کمشنرسید ابن عباس کوکمیونٹی خدمات پر خراج تحسین،شیلڈ پیش

لندن (نیوز ڈیسک) اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل برطانیہ چیئرمین نعیم عباسی، چیف کوآرڈی نیٹر حاجی عابد حسین، میئر آف ہائی ویکمب کونسلر ضیاء احمد، وائس چیئرمین چوہدری آفتاب حسین، عمران حسین، امجد امین بوبی اور چوہدری طارق پر مشتمل وفد نے پاکستان ہائی کمیشن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کی اور ان کی تعیناتی کے دو سال مکمل ہونے اور ان کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے ان کو تعریفی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر تھرڈ ورلڈ سالیٹریرٹی کے چیئرمین مشتاق لاشاری بھی موجود تھے۔ اوپی ڈبلیو سی کے چیئرمین نعیم عباسی نے کہا کہ نومبر2014ء میں جب سید ابن عباس نے ہائی کمشنر کا چارج سنبھالا تو پاکستانی کمیونٹی کو نادراشناختی کارڈ،کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ اور ویزے کے لاتعدادمسائل درپیش تھے ،مگر ہائی کمشنرنے شبانہ روز محنت کرکے لندن، گلاسگو، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈ فورڈ قونصلیٹس میں نئی اور مثبت تبدیلیاں لاکر کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا کیں۔ انھوں نے کہاکہ سید ابن عباس نے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر اسرار حسین،قونصلر جنرل مانچسٹر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصلر جنرل رمنگھم سید احمد معروف، قونصلر جنرل بریڈ فورڈ احمد امجد، کونسلر حسن بن آفتاب اور کوآرڈینیشن منسٹر غلام نبی میمن جیسے ہونہار اور قابل افسران کی باہمی کوششوں اور کاوشوں سے برطانیہ بھر کی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ۔ نعیم عباسی نے کہاکہ 23مارچ اور14اگست اور6ستمبر کے علاوہ باقاعدگی سے دینی و مذہبی محافل کا انعقاد کراکر کمیونٹی کو متحد کیا گیا۔ کونسلرز کنونشن کاانعقاد بھی ان کابڑا کارنامہ ہے۔ کونسلر میئر ضیاء احمد نے کہا کہ نادرا کا بحران حل ہوا جس کی وجہ سے اپارٹمنٹس کا حصول آسان ہوا۔ تمام قونصل خانوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا ممکن ہوا۔ حاجی عابد حسین نے کہا کہ ایمرجنسی ویزے کااجرا کمیونٹی کا بڑا مسئلہ تھا، مگر سید ابن عباس کی محنت اور لگن سے اب ہائی کمیشن اور چاروں قونصل خانوں میں ہفتہ اور اتوار کو بھی ویزہ سہولت فراہم کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے فوتگی کی صورت میں میت کے ساتھ جانے والوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ چوہدری آفتاب، چوہدری طارق اور امجد امین بوبی نے بھی ہائی کمشنر کی کمیونٹی خدمات کو سراہا۔ پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نےوفد کا تعریفی شیلڈ پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ تمام پلیٹ فارمز اور میڈیا پر آکر اس بات کو دہراتے ہیں کہ ہائی کمیشن کمیونٹی کے لیے ہے اور ان سمیت تمام افسران خدمت کو اپنا فرض منصبی اور اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برسوں سے مسائل کے انبار لگے تھے، مگر دو سال میں ان تمام مسائل کا حل محنت اور کوشش سے ممکن بنایا گیا اور نادرا، پاسپورٹ ویزا اور دیگر ڈیپارٹمنٹس میں مثبت تبدیلیاں لاکر کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔
تازہ ترین