• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیرمزاحمتی تحریک کے قائدین مشاورتی عمل شروع کریں،اعظم انقلابی،الطاف انداربی

کراچی(جاوید رشید)جموں کشمیر محاذِ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابیؔ اور صدر محاذ سیّد الطاف انداربی نے کہا ہے کہ سینئر مزاحمتی قائدین پر لازم ہے کہ وہ مُزاحمتی پارلیمنٹ کے قیام کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں۔ مُزاحمتی تحریک کے چھ لاکھ شہداء اِسی بات پر اصرار کررہے ہیں۔ بھانت بھانت کی بولیوں سے بات بنے گی نہیں۔ قائدین مُزاحمت باہمی مشاورت کا عمل شروع کریں۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم نہیں بھولے ہیں کہ بھارتی فوج نے 6 جنوری1993ء؁ کو سوپور میں کس طرح جنرل ڈائر کا رول ادا کرتے ہوئے قتل عام کیا اور 50  سے زائد شہریوں کو زندہ جلایا۔ اور تقریباً 400  مکانوں اور دکانوں کو نذرِ آتش کیا۔ کشمیر کے شہداء اور اسّیرانِ زندان ہماری پہچان ہیں۔ان کی یاد ہمارے لیے زادِ راہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس کی مکاری اور عیاری نے کشمیر کو فوجی قوّت کے بل پر زیر کیا اور بھارتی فوج کی آمد کے ساتھ ہی یہاں مزاحمتی تحریک شروع ہوئی جو کبھی محاذ رائے شماری، کبھی مسلم متحدہ محاذ اور کبھی حریت کانفرنس کے پرچم تلے جاری رہی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  قائدین مُزاحمت باہمی مشاورت کا عمل شروع کریں اور اپنے نظریاتی اسلاف قائد اعظم، مولانا محمد علی جوہر اور علامہ اقبال کی طرح مربوط فکری اور نظریاتی کاوشوں کے ذریعے تحریکِ آزادی کو ساحلِ مراد تک پہنچا دیں۔ بھارتی حکمرانوں کو یہ بات سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے کہ کشمیر میں جوں کی توں کی صورتحال  بھارت کیلئے زیادہ نقصان دہ ہے۔ بھارتی رہنما یشونت سنہا اور اُن کے رفقا نے اسی تناظرِ تجزیہ میں اصرار کیا ہے کہ بھارت سرکار کشمیر کے مُزاحمتی قائدین اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل شروع کر کے مسئلہ کشمیر کا ایک پرُامن اور باعزت حل تلاش کرنے کی کوشش کرے۔ 
تازہ ترین