• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کی فائرنگ، نوجوان شہید، غیرمقامی افراد کی آبادی کیخلاف احتجاج

سرینگر (ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ہاجن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کو مقابلے کے دوران شہید کیا گیا ۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی ہندوئوں کی آبادکاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں سرینگر میںحید پورہ سے ائیر پورٹ تک احتجاجی جلوس نکالاگیا اور احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جلوس اور دھرنے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔ نماز ظہر کے بعد جامع مسجد حیدر پورہ سے نکالے گئے جلوس میں حریت رہنمائوں ،کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جلوس کے شرکاء نے ائیر پورٹ روڈ پر احتجاجی دھرنا دیااور ’’ پیلٹ بلٹ،نا بھائی نا،لوٹ،کھسوٹ نا بھائی نا اور کریک ڈائون نا بھائی نا‘‘ کے علاوہ اسلام و آزادای کے حق میں زبردست نعرے بلند کئے گئے ۔ جلوس کے شرکاء جیسے ہی جامع مسجد سے باہر نکلنے لگے تو پولیس اہلکاروںنے مسجد کا مرکزی دروازہ بند کر کے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی ۔ اس موقع پر لوگوں نے مزاحمت کی اور گیٹ کھول کر باہر آگئے اور ائیر پورٹ چوک کی طرف پیش قدمی کی ۔ جلوس کے شرکاء نے وہاں پہنچ کر دھرنا دیا ۔ محمد یاسین ملک ، غلام نبی سمجھی،غلام نبی زکی،ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی اور پیر سیف اللہ نے اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں کہا کہ کشمیری عوام غیر ریاستی ہندوئوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراء کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے اور کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی قطعاََ اجازت نہیں دیں گے اور اس مقصد کیلئے وہ کوئی بھی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔رہنمائوںنے کشمیری نظربندوں کی حالت زارپر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے 2016کے عوامی انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید اور پیلٹ گن سے زخمی ہونیوالے کشمیریوں سے متعلق ضلعی تحقیقاتی کمیٹیوں کے قیام کو مسترد کرتے ہوئے ان واقعات کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دوہرایا۔ جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کٹھوعہ میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قراردیاہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھوعہ میں آر ایس ایس کے انتہاپسندوںنے گائو کشی کا الزام لگا کر مسلمانوں پرحملہ کرکے کئی افراد کو زخمی کردیا ہے اور مسلمانوں کے کئی مکانات نذر آتش کئے ہیں ۔ محمد یاسین ملک نے سرائے بالا سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان فسطائی قوتوں کی مسلم کش کاروائیوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اوریہ شرمناک کاروائیاں اب دن دھاڑے انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ساری ذمہ داری پی ڈی پی کے کٹھ پتلی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو اقتدار کی ہوس میں فسطائی قوتوں کی پشت پناہی کررہے ہیں اور جو ان کے تمام کشمیر و مسلم دشمن عزائم کو جموں کشمیر میںعملانے کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے اقوا م متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل ا نتونیو گوتیریس کی جانب سے بھارت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاہے کہ مسئلہ کشمیر پورے خطے میں کشیدگی اور تناؤ کی بنیادی وجہ ہے اور یہ اقوام متحدہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے مثبت اقدامات کرے۔ 
تازہ ترین