• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ‘ سی ڈی اے سے نئی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے ’’اسلام آباد سے کچی آبادیوں کے انخلاء اور ملک بھر کے بے گھر شہریوں کو گھر فراہم کرنے‘‘ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران آئندہ سماعت پر سی ڈی اے کو وفاقی دارالحکومت میں بنائی جانے والی نئی کچی آبادیوں سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے جبکہ چاروں صوبائی حکومتوں سے کچی آبادیوں کے مکینوں کو چھتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں مختص کئے گئے فنڈز کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تو جسٹس مشیر عالم نے سی ڈی اے کے وکیل منیرپراچہ سے استفسار کیا کہ وہ کچی آبادیوں کے حوالہ سے اپنے موکل ادارہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے عدالت کو آگاہ کریں تو فاضل وکیل نے کہا کہ یہ معاملہ صرف وفاقی دارالحکومت تک ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اور صوبوں کی جانب سے پالیسیاں بنانے کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں کچی آبادیوں کا معاملہ نہ صرف حل نہیں ہوسکا بلکہ بعض مقامات پر نئی آبادیاں بھی بن گئی ہیں۔ چاروں صوبائی ایڈووکیٹ ہائے جنرل نے رپورٹ پیش کی کہ صوبائی حکومتیں کچی آبادیوں کے مکینوں کو چھت کی فراہمی کے ساتھ اس معاملے کے مستقل حل کیلئے اقدامات کررہی ہیں۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت چارہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔
تازہ ترین