• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب پی ٹی آئی کو پتلی گلی نہیں پکڑنے دینگے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ روز نئی کہانی روز نیا جھوٹ ‘ جھوٹی کہانی کو مزید جھوٹ بول کر سچ ثابت نہیں کیا جاسکتا،اب پی ٹی آئی کو پتلی گلی نہیں پکڑنے دینگے، اس دفعہ آپ کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا ‘ اس ملک میں ہتک عزت کے قوانین موجود ہیں‘ آپ کو جواب دینا ہوگا آپ نے جھوٹ کیوں بولا، سپریم کورٹ کے باہر انوشہ رحمان، دانیال عزیز، طلال چوہدری، راجہ ظفر الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج آپ عدالت میں کہتے ہیں کہ پاناما کو بھول جائیں ، پاناما پیپرز  پر عمران خان نے گزشتہ 10 مہینے تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی  اس کا جواب کون دے گا، اب آپ پاناما پیپرز کو بھولیں گے لیکن ہم نہیں بھولیں گے کیونکہ آپ نے پاناما پیپرز پر جو سیاست کی ہے ،جو جھوٹ بولے اور الزامات لگائے ہیں اس کا جواب عوام کے سامنے دینا ہوگا، عمران خان  کو پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا،آپ کی نادانی کی وجہ سے ہم نے آپ کو پچھلی مرتبہ بھی معاف کردیا کیونکہ آپ نے سیاست میں نیا نیا قدم رکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے،اب انہیں ہتک عزت کے قوانین کا سامنا کرنا پڑے گا، انوشہ رحمن نے کہاکہ عدالتوں میں کیس جلسوں سے نہیں ثبوت کی بنا پر طے ہوتے ہیں، دانیال عزیز نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی عدالت کے سامنے تسلیم کر چکی ہے کہ وزیر اعظم  نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی نہیں ، پی ٹی آئی کی جانب سے الزامات کا کھیل صرف اور صرف عوامی امنگوں کو مسخ کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ ہمیں پورا اطمینان ہے کہ جب ہمارے وکیل کو دلائل دینے کا موقع ملا  تو پی ٹی آئی کو شکست کا  سامنا کرنا پڑے گا، طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف  کو جس بھی عدالت میں بلایا جائے چاہے وہ آئینی عدالت ہو یا عوامی عدالت ہو وہ سرخرو ہوں گے  ،عدالت میں جب  عمران خان سے ثبوت مانگا جاتا ہے تو کبھی وہ پشاور جاتے ہیں تو کبھی بہاولپور جاتے ہیں،کبھی مردان جاتے ہیں تو کبھی ملتان جاتے ہیں،عدالت کو ان کے دوروں سے کوئی سروکار نہیں ہے،عدالت نے ثبوت مانگا ہے تو ثبوت لے کر آئیں،  جلسوں اور پریس کانفرنسوں سے کیس ثابت نہیں ہوتا ،کیس ثبوتوں سے ہوتا ہے اور عمران خان کے پاس صرف جھوٹ کا پلندا ہے اور جھوٹ سے صرف شرمندگی ہوتی ہے ۔ میڈیا کو چاہیئے کہ وہ  پانامہ کیس کی سماعت کے پہلے دن اور بعد کے دنوں میں   خان صاحب کے چہرے کے تاثرات ضرور دکھائیں تاکہ لوگوں کو بھی ان کے چہرے کے بدلتے تاثرات سے ان کی شکست کا اندازہ ہو سکے۔بعد ازاں جنگ سے گفتگو کرتے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عدالت میں اپنے الزام ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی، پانامالیکس پروزیراعظم کو ہدف بنانا سیاسی عداوت ہے،قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں سے مثبت رویے کی امید ہے۔ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ اپوزیشن کو بھرپور انداز میں اعتماد میں لیا جائے اپوزیشن سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ مخالفت برائے مخالفت سے گریز کرے گی۔
تازہ ترین