• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری نے خصوصی طیارہ بھیج کر فیصل صالح حیات کو دعوت پر بلایا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) سینئر اور تجربہ کار پارلیمنٹرین فیصل صالح حیات اپنے آبائی شہر جھنگ میں دیگر عمائدین کے ہمراہ باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، امکان ہے انہیں پارٹی میں اہم مرکزی عہدہ دیا جائے گا۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے مسلسل رابطوں نے انہیں پارٹی میں شمولیت پر بالاخر راضی کیا، پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے فیصل صالح حیات کو کھانے کی دعوت پر اپنے ذاتی طیارے میں لاہور سے خصوصی طور پر بلاول ہائوس کراچی بلایا۔  اس موقع پر دونوں رہمنائوں کے درمیان قریباً ڈھائی گھنٹے کی طویل بات چیت کے بعد فیصل صالح حیات نے رسمی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا لیکن حتمی اعلان جھنگ میں اصف زرداری اور بلاول بھٹو کی موجودگی میں کیا جائے گا اس موقع پر جھنگ اور پنجاب سے سے تعلق رکھنے والے دیگر سینئر سیاست داں بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ بلاول بھٹو کے پارٹی مصروفیات کے باعث اسلام آباد میں ہونے کی وجہ سے فیصل صالح حیات اور ان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ بلاول بھٹو نے بھی سینئر سیاست داں فیصل صالح حیات کی کی پارٹی میں شمولیت کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔ روزنامہ جنگ نے چند روز قبل فیصل صالح حیات اور پیپلز پارٹی کے اعلی قیادت کے درمیان رابطوں کا انکشاف کیا تھا۔ واضح رہے کہ فیصل صالح حیات نے2002 میں پارٹی پالیسیوں سے انحراف کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اس طرح اب 15 سال بعد وہ دوبارہ پیپلز پارٹی میں پنجاب کی سیاست کے حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ فیصل صالح حیات ماضی میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی بورڈ کے سربراہ اور دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ ملک بھر خصوصاً پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی صورتحال اس وقت انتہائی خراب ہے جس میں بہتری لانے کیلئے بلاول بھٹو زرداری اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ان کی کوشش ہے کہ پرانے پارٹی جیالوں کو متحرک کیا جائے اور یہاں سیاسی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا جائے۔ بلاول کے پارٹی چیئرمین بننے کے بعد امکان ہے کہ پی پی پی کے کئی اور پرانے رفقاء مستقبل میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
تازہ ترین