• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ سال پاکستانی عوام کے لئے خوشحالی کا سال ہوگا،صدرممنون

ٹوکیو( عرفان صدیقی ،نمائندہ جنگ )صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستانی قوم نے دہشت گردی اور معاشی بحران کی صورت میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے تاہم اب ملک سے دہشت گردی اور معاشی بحران کا خاتمہ ہوچکا ہے موجودہ سال پاکستانی عوام کے لیے خوشحالی کا سال ہوگا یہ بات صدر پاکستان نے ایوان صدر میں جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی ، صدر پاکستان نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ اب خواب نہیں رہا ہے گوادر سے لیکر شروع ہونےوالا پچاس ارب ڈالر سے زائد لاگت کا منصوبہ پورے پاکستان سے ہوکر چین تک پہنچے گا جس سے صرف گوادر نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام مستفید ہونگے، صدرممنون حسین نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں وقت کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی شریک ہونے کے متمنی ہیں جنھیں خوش آمدید کہیں گے ،ملک میں کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور کی شکل میں ملک میں موجود ہے جس کےخاتمے کے لیے نہ صرف حکومت بلکہ عوام کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا خاص طور پر نچلی سطع پر کرپشن کی نشاندہی کرکے حکومت کی مدد کرنا ہوگی ورنہ کرپشن کے خاتمے کا خواب پورا کرنا مشکل ہوگا ، صدر نے کہا کرپٹ افراد اپنے اہل خانہ کو حرام کھلا کر نہ صرف اپنی آخرت خراب کررہے ہیں بلکہ ملک کی جڑیں بھی کھوکھلی کررہے ہیں صدر نے کہا کہ کرپٹ افراد کی شکلوں پر پھٹکار پڑ جاتی ہے اور وہ الگ ہی نظر آتے ہیں ،صدر ممنون حسین نےکہا کہ انھوں نے جب سے زمہ داریاں سنبھالی ہیں ایوان صدر کے اخراجات بھی کافی حد تک کم ہوچکے ہیں ، تاہم اخراجات میں کمی سے جو بچت ہوتی ہے وہ اسے حکومت خزانے میں جمع نہیں کراتے بلکہ سرکاری یونیورسٹیوں کو گرانٹ کی شکل میں فراہم کردیتے ہیں تاکہ غریب طالب علموں کے کام آسکے ،صدر ممنون حسین نےبیرون ملک مقیم پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی ترسیلات زر سے ملک کو معاشی استحکام حاصل ہوتا ہے جبکہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ،صدر نے جاپان کے ساتھ خصوصی اور قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ  جاپان کے پاکستان سے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں جاپان نے پاکستان کی معاشی امداد کے ذریعے کئی اہم منصوبے مکمل کرائے ہیں جبکہ سیاسی طور پر بھی دونوں ممالک ایک دوسرے سے قریب ہیں توقع ہے چین کے ساتھ شرو ع ہونے والے سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں دوری نہیں بہتری ہی آئے گی ۔
تازہ ترین