• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں،توشی کازو ایسومورا

  کراچی(اسٹاف رپورٹر) جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے کہا ہے کہ حالات میں بہتری کو دیکھتے ہوئے جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں اور مستقبل میں اس حوالے سے اہم پیش رفت ہونے کی توقع ہے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل توشی کازور کا کہنا تھا کہ پاک جاپان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن  کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور ہم پاکستانی تاجروں سے مکمل تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر مسعود نقی نے جاپانی قونصل جنرل کو کاٹی آنے پر خوش آمدید کہا اور انھیں کورنگی صنعتی علاقے کی پیداواری صلاحیت اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مسعود نقی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و صنعتی تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے جس کے بے پناہ مواقع بھی موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کاٹی کے فورم سے پاک جاپان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جاپان صنعتی ٹیکنالوجی اور شہر کے انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ اس موقع پر کاٹی کے ارکان نے پاکستان کے صنعتی شعبے میں جاپان کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع اور دو طرفہ تجارت کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی دیں۔ جاپانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں آنے والی بہتری کے باعث پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ حالات میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ ایک بار پھر جاپانی صنعت کار اور سرمایہ کار پاکستان کا رُخ کریں گے۔ قبل ازیں کاٹی کے سینئر نائب صدر غضنفر علی خان، نائب صدر عمر ریحان، زبیر چھایا، گلزار فیروز اور کاٹی کے دیگر عہدے داران و ارکان نے جاپانی قونصل جنرل کو پاک جاپان تجارتی تعلقات میں فروغ کے لیے تجاویز سے آگاہ کیا۔
تازہ ترین