• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کو کلیئرنگ ہائوس کی رکنیت لینے کی اجازت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو سہولت دینے کیلئے سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کو کلیئرنگ ہاؤس کی رکنیت لینے کی اجازت دے دی ہے۔اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ سی ڈی این ایس کے پنشنرز بینی فٹ اکاؤنٹ ، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ اور سیونگ اکاؤنٹ سے متعلق منافع کا کوپن/رقم نکلوانے کی رسیدیں قبول کریں۔ اب سرمایہ کاران آلات  کو پاکستان میں کسی بھی مقام سے براہِ راست اپنے بینک کھاتوں میں جمع کر اسکتے ہیں۔سی ڈی این ایس ان آلات کو نفٹ کے ذریعے کلیئر کرے گا۔ نیشنل سیونگز کی جانب سے کامیاب کلیئرنس کی رسید ملتے ہی بینک سرمایہ کاروں کے متعلقہ کھاتوں میں رقم کریڈٹ کردے گا۔اس اقدام سے سی ڈی این ایس کے سرمایہ کاراپنے بینکوں میں موجوداکاؤنٹس میں براہِ راست منافع/کریڈٹ کی وصولی کے قابل ہو سکیں گے اور یہ عوام کے لیے ایک مستعد اور محفوظ طریقہ کار ہوگا۔یاد رہے کہ سی ڈی این ایس کی کلیئرنگ ہاؤس کی رکنیت سے قبل اس کے سرمایہ کاروں کو اپنا ماہانہ منافع وصول کرنے کے لیے ذاتی طور پر قومی بچت مراکز جانا پڑتا تھا۔ یہ بات سرمایہ کاروں خصوصاً بیواؤں اور بزرگ شہریوں کے لیے زحمت کا باعث تھی، جو اپنا منافع لینے کے لیے لمبی قطاروں میں انتظار کرتے تھے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس اقدام کی اعانت ادائیگی کا ایک جدید اور متحرک نظام وضع کرنے کے متعلق اس کے تزویراتی مقصد سے ہم آہنگ ہے تا کہ اسٹیٹ بینک اسٹریٹجک پلان 2016-2020 کے تحت عوام کو مستعد، محفوظ اور کم لاگت کی حامل ادائیگی کی خدمات مہیا کی جا سکیں۔
تازہ ترین