• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ودیا بالن کا ہندو انتہا پسندوں کیوجہ سے کملا داس کی بائیوپک میں کام نہ کرنے کا فیصلہ

(جنگ ڈیسک) بولی وڈ کی مقبول اداکارہ ودیا بالن نے مبینہ طور پر شیوسینا سمیت بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد متنازعہ شاعرہ کملا داس کی زندگی پر بننے والی فلم ’عامی‘ میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اداکارہ کا یہ فیصلہ ان کے مداحوں کیلئے یقیناََ حیران کن ہوگا۔ فلم کے ڈائریکٹر نے اس جانب اشارہ دیا ہے کہ اس کی ایک ممکنہ وجہ ان کے ان گروہوں کے ساتھ تلخ تعلقات ہوسکتے ہیں۔یہ وجہ قارئین کیلئے باعث حیرت ہوسکتی ہے کہ ہندو بریگیڈ کو اس فلم سے کیا مسئلہ ہے، بظاہر کملاداس ایک روایت شکن شاعرہ تھیں،جنہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں اسلام قبول کرلیا تھا اور اپنا نام تبدیل کرکے کملا ثریا رکھ لیا تھا اور رپورٹس کے مطابق بائیں بازو کے گروپس ودیا بالن کے اس فلم میں کام کرنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے۔رپورٹس کے مطابق ودیا بالن اس فلم میں کام کرنے کے حوالے سے کافی پرجوش تھیں،اداکارہ کوشاعرہ کملا کی یہ بات کافی پسند تھی کہ انہوں نے اپنے رائے بلند کی۔شاعرہ نے جرأت مندانہ انداز میں تحریریں اور خیالات کا اظہار کیا۔ودیا بالن نے کچھ مشکلات کے باعث فلم کو دوبار ری شیڈول کیا۔حال ہی میں ان کے مینیجر نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کی تاریخوں میں التوا کی وجہ اس کا کیرالہ میں بننا ہے ،مگر انہوں نے گزشتہ روزایک بھارتی روزنامہ سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ودیا بالن اس پروجیکٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس فیصلہ کی وجہ کہانی2 کی اداکارہ اور ڈائریکٹر کمال الدین محمد کے درمیان پروسیس کے حوالے سے خیالات میں اختلاف تھا۔ذرائع کے مطابق ودیا بالن نے صرف تخلیقی اختلافات کے باعث فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے دیگر رپورٹس بے بنیادہیں۔کمال الدین جو نیشنل ایوارڈ جیت چکے ہیں اور 48فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں،گزشتہ برس دسمبر میں تنازعہ کا شکار ہوگئے، آ ر ایس ایس کے کارکنوں نے چند ناظرین کی حمایت میں ڈائریکٹر پر الزام لگایا کہ کیرالہ میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں قومی ترانہ بجنے کے دوران وہ کھڑے نہیں ہوئے تھے،اس تنازعہ کے بعد بی جے پی کے جنرل سیکرٹری اے این رادھا کرشنا نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ کمال الدین نےاگر قومی ترانے کی بے حرمتی جاری رکھی تو انہیں ملک چھوڑنا ہوگا۔ودیا بالن کے فلم میں کام نہ کرنے کے فیصلے پر کمال الدین نے بتایا کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ اس کی وجہ ان کے اور بی جے پی کے درمیان اختلافات ہیں اگر کوئی ان دونوں کوآپس میںملاتاہے تو وہ دونوں میں سے کسی کو الزام نہیں دیتے۔
تازہ ترین