• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ ریٹائرڈ جسٹس سعیدالزماں انتقال کرگئے، تدفین کل ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ اور سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس(ریٹائرڈ) سعید الزماں صدیقی بدھ کو 79برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، وہ 2ماہ تک گورنر کے عہدے پر فائز رہے اورتقرری کے بعد ہی سے مسلسل علیل رہے ۔گورنر ہائوس سندھ کے ترجمان نے جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی طبیعت بدستور خراب تھی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم بدھ کو گورنر سندھ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی ، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔سعیدالزمان صدیقی نے گیارہ نومبر 2016 کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ صرف دو ماہ دو دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔ترجمان نے بتایا کہ گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی نماز جنازہ جمعہ13 جنوری کو (جمعہ) بعد نماز جمعہ گورنر ہائوس سے متصل پولو گرائونڈ میں ادا کی جائے گی۔ گورنر سندھ کے جسد خاکی کو سی ویو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔سعیدالزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر بن گئے، وہ نئے گورنر کی نامزدگی اور حلف برداری تک قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔گورنر سندھ کے انتقال پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ،وزیراعلیٰ بلو چستا ن نواب ثناء اللہ زہری ،وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ،خواجہ محمد آصف ،خواجہ سعد رفیق ،راناتنویر حسین ،وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،پیپلز پارٹی پار لیمنٹر ین کے صدر آصف علی زرداری ،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی خان ، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار ،متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت ،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال ،سندھ کے وزراء نثار احمد کھوڑو ،منظور حسین وسان ،جام مہتاب ڈہر ،سید ناصر حسین شاہ، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو، میئرکراچی وسیم اختر، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، شہید ذوالفقار علی بھٹو لا یونیورسٹی کے وائس چانسلر قاضی خالد، دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی، سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس سمیت اہم شخصیات نے تعز یت کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ قانون وانصاف کے لیے سعیدالزماں صدیقی کی گراں قدر خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنرسندھ جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے انتقال پر صوبے میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس حوالے سے ایک باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کی تمام سرکاری عمارتوں میں پرچم سرنگوں رہے گا۔سابق صدر آصف علی زرداری نے گورنر سندھ سعیدالزماں صدیقی کے بیٹے عفنان صدیقی کو فون کرکے ان سے والد کے انتقال پراپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے مرحوم سعیدالزماں صدیقی کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔
تازہ ترین