برمنگھم (ابرار مغل)معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری اسلم وسن کی رہائش گاہ پر ایک روحانی وفکری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں آستانہ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری نے خصوصی شرکت کی جب کہ اس نشست میں دیگر اہم شخصیات چوہدری شکیل احمد، چوہدری عارف، کونسلر عبدالرشید جے پی، کونسلر اخلاق، چوہدری عارف داد، کونسلر وسیم ظفر، چوہدری وحید سرکھوی، معین قاضی، تنویرحسین شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیرسلطان فیاض الحسن قادری نے کہا کہ عالمی سطح پر اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں اور پروپیگنڈے کے قلع قمع کیلئے تمام طبقات زندگی کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں اسلام کے وسیع تر مفاد کیلئے باہمی اتحاد واتفاق اپنا کرنوجوان نسل کو اسلام کی ترجمانی کیلئے آگےلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سخی سلطان باہو ٹرسٹ کے زیراہتمام برمنگھم میں عالمی امن کانفرنس کا انعقاد اسلام کے صحیح امیج کو اجاگر کرنے کیلئے اہم پیش رفت ہوگی جب کہ دیگر شرکاء نے کہا کہ ہمیں مل کر برطانوی معاشرے میں ایسا کردار اپنانا ہوگا جس سے امن و محبت کی جھلک نظرآئے۔ اس موقع پر امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی، کشمیر سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی۔