• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولڈہم ٹائون میں غلاظت کے ڈھیر اور تعفن، شہری پریشان

اولڈہم (تنویر کھٹانہ) اولڈہم ٹاؤن میں جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر، پورا ٹاؤن ڈمپ سائٹ کا منظر پیش کرنے لگا۔ روزنامہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ اولڈہم کونسل کی غیر مناسب حکمت عملی کی وجہ سے جگہ جگہ اولڈہم میں غلاظت کے ڈھیر لگے ہیں سڑکوں، گلیوں اور گھروں کے پچھواڑے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر ہیں اور تعفن اور بدبو کی وجہ سے سانس لینا بھی دشوار ہے۔ اولڈہم کونسل گزشتہ برس بری کونسل کے بعد برطانیہ میں دوسری کونسل بن گئی تھی جہاں کوڑے دان (بلیک بن) کو تین ہفتے بعد خالی کیا جاتا ہے۔ اولڈہم کونسل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اولڈہم میں کوڑے اور دیگر غیر ضروری اشیا کو تلف کرنے والی تین سائٹس رات آٹھ بجے تک کھلی ہوتی ہیں اس کے علاوہ گھریلو ضروریات کے لیے نیلا، سبز، کالا اور بھورا کوڑے دان بھی مہیا کیے گئے ہیں اور ہر ہفتے مختلف کوڑے دان خالی کیے جاتے ہیں اس لیے شہریوں کی شکایت نامناسب ہے۔ کونسل کا کہنا تھا کہ اس مد میں کونسل خاصی رقم بچا رہی ہے جو دوسرے رفاعی کاموں میں خرچ کی جائے گی۔ مختلف علاقوں میں ڈھیر کے حوالے سے بھی ہمارے ادارے اپنی جانچ کر رہے ہیں اور جو کوئی بھی قصور وار پایا گیا اسے قرار واقعی سزا بھی دی جائے گی۔ شہریوں نے اولڈہم کونسل، عوامی نمائندوں اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلہ کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اس کے موثر حل کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیں۔
تازہ ترین