• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کے نئے قوانین سے عازمین حج و عمرہ کے استحصال کا خاتمہ ہوگا

لندن (پ ر)ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے سعودی عرب کی جانب سے مقدس فریضہ حج و عمرہ کی ادائیگی کے لئے جانے والے عازمین کی سعودی عرب اور واپسی تک کے تمام مراحل میں ان کے آرام وسکون اور فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لئے نئے قوانین اور اقدامات متعارف کروائے جانے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ان قوانین اور اقدامات کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ سعودی عربیہ کے ان نئے قوانین سے موجودہ دور میں حج و عمرہ کے فریضہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں ہونے والے انتظامات سے متعلق عازمین کو درپیش مشکلات اور مسائل سے بڑی حد تک چھٹکارا مل سکے گا۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے کہا ہے کہ ہرسال بڑی تعداد میں عازمین حج و عمرہ بھاری رقوم کی ادائیگی کے باوجود کرپشن، استحصال دھوکہ دہی، ناقص انتظامات اور رہنمائی نہ ہونے کی وجہ مشکلات ومسائل کا شکار ہوکر اپنا یہ مقدس فریضہ آرام وسکون سے ادا نہیں کرپاتے۔ لیکن اب ان نئے قوانین کے تحت نگران سیل قائم کردیئے گئے ہیں۔ جو ٹور اینڈ ٹریول آپریٹرز کی جانب سے بیچے گئے پیکیج کے مطابق عازمین کو سروس اور سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ عازمین کی آمد پر ائرپورٹ پر ان کے لیے سہولتیں جدہ سے مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کے انتظامات، کھانے پینے، رہائش کے انتظامات، واپسی ٹکٹ کی کنفرمیشن اور سامان کی بکنگ سمیت اب تمام مراحل کی نگرانی کی جائے گی اور کسی شکایت کی صورت میںمتعلقہ ٹورآپریٹر یا سروس مہیا کرنے والے کے خلاف حکومت تحقیقات کرے گی جس کے نتیجہ میں بھاری جرمانے اور لائسنس ختم کرنے کی سزا مل سکتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے تمام عازمین پر زوردیا ہے کہ وہ اتھارٹیز سے بھرپور تعاون کریں اوراپنی شکایات ان تک ضرور پہنچائیں تاکہ کرپشن اور استحصال کا خاتمہ ہوسکے۔
تازہ ترین