• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوجی عدالتوں کی بھرپور مخالفت کریں گے، کھاد پر سبسڈی بحال کی جائے، زرداری

کراچی(جنگ نیوز) فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو مخالفت کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری نے خورشید شاہ سے طویل مشاورت کی ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پارٹی رہنما فوجی عدالتوں سے متعلق 17جنوری بروز منگل کے اجلاس میں ٹھوس مؤقف اپنائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے ہدایت کی کہ نیب قوانین میں ترمیم عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کی جائے، انتخابی اصلاحات پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اپنے ساتھ ملائیں۔ آصف زرداری نے اس موقع پر یہ ہدایت بھی دی کہ ڈاکٹرعذرا فضل اورایازسومرو استعفے ایازصادق کی وطن واپسی پرجمع کرائیں۔ دریں اثناء ایک بیان میں سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے ٹیکسٹائل شعبے کیلئے اعلان کردہ مراعاتی پیکج کو مسترد کرتے ہوئے اسے اونٹ کے منہ میں زیرہ اور بے حد تاخیر سے کیا گیا فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھاد پر سبسڈی بحال کی جائے۔ سابق صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان سخت محنت سے حاصل کی گئی کامیابیاں کھو چکا ہے جو ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی صنعت دوست پالیسیوں کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں ٹیکسٹائل کا شعبہ عروج پر تھا۔ سابق صدر نے حکومت کی جانب سے کھاد پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظالمانہ، غیرانسانی فیصلہ اور غریب اور ہماری دیہی آبادی کے غیر مراعات یافتہ طبقے کے خلاف سازش ہے۔ان کے خیال میں اس فیصلے سے نہ صرف ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح سے متاثر ہوگا بلکہ دیہی علاقوں میں غربت کی سطح میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ کہ وہ صوبہ پنجاب کے کسانوں کو صرف مراعات دے گی،بین الصوبائی ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔
تازہ ترین