• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ایئرلائنز خلیجی کمپنیوں کا مقابلہ نہیں کر پا رہی ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن

کراچی ( جنگ نیوز )حکومتِ پاکستان کے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئرلائنز خلیجی کمپنیوں کا مقابلہ نہیں کر پا رہی ہیں، حکومت مشرق وسطیٰ کی بعض ایئرلائنز کے خلاف پاکستان میں کاروبار بڑھانے کے لیے غیر قانونی طور پر اخراجات سے بھی کم قیمت پر ٹکٹ فروخت کرنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے،سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہیٰ نے جو اس وقت پی آئی اے کے قائم مقام چیئرمین بھی ہیں نے بتایا کہ ʼاس وقت تو یہ حال ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ تھوڑی بہت یہاں پر ’کپیسٹی ڈمپنگ‘ ہو رہی ہے خصوصاً خلیجی ایئرلائنز کی جانب سے،یاد رہے کہ کپیسٹی ڈمپنگ ہوابازی کی اصطلاح ہے اور یہ تب استعمال کی جاتی ہے ’جب ایک فضائی کمپنی یا کمپنیاں دوسری فضائی کمپنیوں کو میدان سے باہر کرنے کے لیے ایک یا ایک سے زیادہ روٹس پر زیادہ پروازیں چلا ئیں  اور کرائے کم کر د یں جس سے مقابلہ کرنے والے میدان چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں یا خسارے میں جائیں،ʼعرفان الہیٰ نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ʼاس کے بارے میں ہم غور کر رہے ہیں کہ اینٹی ڈمپنگ کیسے کی جائے۔ کیونکہ یہاں سے اگر ہم لندن جار رہے ہیں سو پاؤنڈ ز میں اور کوئی اور ایئرلائن ستر پاؤنڈ ز میں جاتی ہے اور ستر پاؤنڈز لاگت نہیں بنتی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی کپیسٹی ڈمپنگ ہو رہی ہے یہاں پر۔ شاید کاروباری مقاصد کے لیے یا گاہکوں کے لیے۔ تو اس کے بارے میں بھی غور ہو رہا ہے کہ کوئی کپیسٹی ڈمپنگ نہ کرسکے، ʼسیکریٹری ایوی ایشن نے مزید کہا کہ ʼہم نے اپنے قانونی مشیر سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں کہ کوئی اس طرح ہمیں نقصان نہ پہنچائے،یاد رہے کہ پاکستان کی مقامی فضائی کمپنیوں میں پی آئی اے کے علاوہ شاہین ائیر اور ایئربلو کو مشرقِ وسطی کی فضائی کمپنیوں خصوصاً خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیوں کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے،صرف متحدہ عرب امارات کی چار فضائی کمپنیاں ایمرٹس، اتحاد ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر اریبیا پاکستان میں کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، اسلام آباد اور پشاور کے لیے پروازیں چلاتی ہیں،اس کے مقابلے میں پاکستانی فضائی کمپنیاں جن میں ایئر بلو، شاہین ایئر اور پی آئی اے ابوظہبی، دبئی اور شارجہ کے لیے ہی پروازیں چلاتی ہیں جن کا ہفتہ وار تناسب نصف سے بھی کم ہے،اسی وجہ سے پاکستان کی نجی فضائی کمپنیاں ان خدشات کا اظہار پہلے سے کر چکی ہیں کہ ʼصرف متحدہ عرب امارت سے چار سے پانچ فضائی کمپنیاں پاکستان کے تقریباً ہر ایک ایئرپورٹ کے لیے پروازیں چلا رہی ہیں اور بعض اوقات وہ کرائے اتنے گرا دیتی ہیں کہ اس کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے جس سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ کپیسٹی ڈمپنگ کر رہی ہیں، فضائی کمپنوں کی جانب سے گذشتہ چند سالوں سے ان خد شا ت کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ غیرملکی فضائی کمپنیاں خصوصاً خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنیاں پاکستان میں مقابلے کی فضا کو خراب کر رہی ہیں،اگر حکومت اس نتیجے پر پہنچتی ہے کہ خلیجی فضائی کمپنیاں کپیسٹی ڈمپنگ کر رہی ہیں تو وہ ان ممالک کے ساتھ دو طرفہ ہوا بازی کے معاہدوں پر نظرثانی کر سکتی ہے یا اوپن سکائی پالیسی میں تبدیلی لا سکتی ہے یا اس میں کپیسٹی یعنی پروا زو ں کی تعداد اور نشستوں کی تعداد متعین کر سکتی ہے،جہاں موجودہ ہوا بازی کی پالیسی کے مختلف پہلوؤں کو مثبت قرار دیا جاتا ہے وہیں اس پر تنقید کرنے والے یہ کہتے ہیں کہ اس پالیسی کے بعد سے خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیوں نے پاکستانی مارکیٹ پر غلبہ پا لیا ہے،یاد رہے کہ خلیجی فضائی کمپنیوں کے خلاف اس قسم کے تحفظات کا اظہار امریکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی فضائی کمپنیاں کر چکی ہیں ۔
تازہ ترین