• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی بندش،پانی کی عدم فراہمی کے خلاف لیاری کے مکینوں کااحتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش اور  اور پانی کی  عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور  جلوس کی شکل میں ماڑی پور روڈ دعا ہوٹل کے پاس جمع ہو کر متعلقہ محکموں کے خلاف مظاہرہ شروع کردیا ،اس دوران مظاہرین نے سڑک پر ٹائر بھی نذر آتش کیے جس کے نتیجے میں ماڑی پور روڈ پر ٹریفک معطل ہو گئی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا،احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ،بعد ازاں لیاری کے مکین اتوار کی سہ پہر دوبارہ نکلے اور جناح برج پر جمع ہو کر مظاہرہ شروع کردیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو ہونے والی بارش کے باعث علاقے کی بجلی گئی تھی جو 24گھنٹے گزر جانے کے باوجود بحال نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں پانی کی کمی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے،مظاہرین نے جناح برج پر بھی ٹائر نذر آتش کیے جس کی وجہ سے ماڑی پور روڈ اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ،احتجاج کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ۔دریں اثنا علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ کئی ہفتے سے شیڈول سے ہٹ کر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور متعدد شکایات کے باوجود کوئی نوٹس لینے کیلئے تیار نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی بھی کئ ہفتے سے شدید متاثر ہے اور مکینوں کو پینے کیلئے بھی پانی دور دراز علاقوں سے لانا پڑتا ہے۔
تازہ ترین