میلبورن( جنگ نیوز) دوسرے ون ڈے میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اظہر علی ہی مین کپتان ہیںدعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر ٹیم کی کپتانی سنبھالیں، میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میچ میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی ذمے داری کا احساس کیا اور اس کو بہتر انداز میں نبھایا، انہوں نے کہا کہ جس کھلاڑی کا جو کردار تھا اس نے اس کے مطابق کار کردگی دکھائی، خوشی اس بات پر ہے کہ پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی اور ٹیم کی جیت پر اس کا اختتام ہوا، پہلے میچ میں کھلاڑی حریف ٹیم پر دبائو نہیں ڈال سکے مگر دسرے میچ میں انہوں نے مسلسل دبائو کو برقرار رکھا، سب کھلاڑیوں نے مہارت کے ساتھ کر کٹ کھیلی، محمدحفیظ نے بولرز کی کار کردگی کو سراہا ۔انھوں نے کہاکہ جنید،عامراورعمادنےبہت اچھی بولنگ کی۔ محمدحفیظ نے چھٹی کے روزآنے والے تماشائیوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح پاکستان کی ٹیم کو سپورٹ کیا گیا وہ باعث خوشی ہے۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ اب ہماری نظریں آسٹریلیاکےخلاف ون ڈے سیریزجیتنےپرلگی ہوئی ہیں۔ محمدحفیظ نے واضح کیاکہ ون ڈے سیریزدونوں ٹیموں کےلیےاب اوپن ہے۔انہوں نے کہا کہ جنید خان نے شان دار انداز میں کم بیک کیا،محمد عامر نے بھی اچھی بولنگ کی ، عماد وسیم نے اہم موقع پر اپنی ذمے داری نبھائی، انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر250رنز کا ہدف ہمارے لئے مشکل ہوجاتا۔