• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہالت معاشرے کی اجتماعی ساخت کیلئے انتہائی خطرناک ہے، پروفیسر ڈاکٹر علی عسانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ حبیب میں’’ مختلف النّسل دنیا میں مذہبی اور ثقافتی تعلیم کی اہمیّت‘‘کے عنوان پرایک مذاکراتی نشست کا اِنعقادکیا گیا۔ امریکی ہارورڈ یونیورسٹی میںاِنڈومسلم ،اِسلام اور ثقافت کے پروفیسر ڈاکٹر علی عسانی نے مذکورہ عنوان پر حاضرین کولیکچر دیا۔ڈاکٹر علی عسانی ہارورڈ یونیورسٹی کے شہزادہ ولید بن طلال اسلامک اسٹڈیز پروگرام کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔مذاکراتی نشست میںجامعہ حبیب کے اساتذہ اور طلبا کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلبا اورعالمی موضوعات میں دلچسپی رکھنے والے شعبہ تعلیم، ذرائع ابلاغ اور تجارت کے پیشے سے وابستہ دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جامعہ حبیب کے طارق رفیع لیکچر ہال میںمنعقدہ اس نشست سے خطاب کرتے ہوئے مقررپروفیسر ڈاکٹر علی عسانی کا کہنا تھا کہ مذاکراتی نشست کا مقصد موجودہ دور میں مذہب کی بنیاد پر ہونیوالے اِختلافات کو سمجھنا اور اُنہیں دُور کرنا ہے،یہ وقت دنیا میں مختلف تنازعات، تناؤ اور بدامنی کا باعث بننے والے عوامل کو سمجھنے کاہے۔دو گھنٹے طویل مذاکراتی نشست میںحاضرین کوبتایا گیا کہ جہالت کس طرح سے مذہب پر اثر انداز ہو کرسیاسی ماحول کو متاثر کر رہی ہے جو معاشرے کی اجتماعی ساخت کے لئے انتہائی خطرے کا باعث ہے اوراس بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور تعلیم کوفروغ دینا کتنا اہم ہے۔ ڈاکٹر علی عسانی ہارورڈ یونیورسٹی میں ساؤتھ ایشین اسٹڈیز، افریقن اورافریقن امریکن اسٹڈیزکے شعبے سے وابستہ ہیںجنہیں اُن کی شاندار خِدمات کے صِلے میں ہارورڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ جامعہ حبیب عالمی ترجیحات اورعصرِحاضر کی ضروریات کے مطابق معیاری اعلیٰ تعلیم پر یقین رکھتی ہے اور اِسی یقین کے تحت جامعہ حبیب اپنے قیام سے دنیا بھر کے معروف تحقیقی اسکالرز کو عالمی مسائل پر سیر حاصل گفتگو کیلئے دعوت دیتی آئی ہے۔
تازہ ترین