• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، ٹھنڈی ہوائوں سے سردی میں اضافہ

خیرپور+ہالا+نصرپور(بیورو رپورٹ/ نامہ نگاران) مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری  ہے۔ ٹھنڈی ہوائوں سے سردی میں اصافہ ہو گیا ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہو گئے ۔بازار اور تفریحی مقامات ویران   جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر۔تفصیلات کے مطابق خیرپور اتوار کو تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں زیر آب آگئیں سردی کی شدید لہر کے باعث لوگ گھروں میں محسور ہوکر رہ گئے جبکہ  بارش جمعے کی شام کو شروع ہوئی تھی جو تین روز تک جاری رہی۔ ہالا مٹیاری سمیت اندرون سندھ میں کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں اور موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی بڑھادی ہے۔  شہروں میں جل تھل،  بلوچستان میں برف باری، کوئٹہ کی سرد ہوائیں داخل ہونے اور  وقفہ وقفہ کے ساتھ بارش  سے ہالا، مٹیاری، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ،ہالا اولڈ،خیبر، اڈیرو لعٰل سمیت سندھ بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہوگئے نزلہ،بخاراور دیگر امراض کے نتیجے میں اسکولوں، مدارس میں طلباء وطالبات کی حاضری برائے نام رہ گئی ہے۔ سرکاری،ونجی اداروں میں افسران اور عملہ کی بھی حاضری کم رہنے لگی۔  بازار،تفریحی مقامات ویران ہوگئے۔ منڈیوں اور تجارتی مراکز بھی کام کاج بند رہا۔  قومی شاہراہ سمیت لنک سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ بارش کے نتیجے میں گٹر ابلنے سے گلیاں محلے بازار اورسڑکیں  زیر آب آگئے ہیں جس سے  شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نصرپور اور قرب و جوار  میں رات سے  ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ چاروں طرف سے  ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور لوگوں کی آمد ورفت بھی سرد پڑگئی ہے جبکہ مذکورہ بارش سے فصلوں کو فائڈہ ہوگا مگر شہر میں بارش سے کیچڑ ہوجانے سے موٹر سائیکلیں سلپ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا ہے اور لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میہڑ شہر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے  ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔شدید سردی کی وجہ سے لوگ گھروں  تک محدود ہو گئے ہیں۔بجلی نہ ہونے اور سردی کی وجہ سے کاروبار بھی متاثر ہو گیا ہے اور شہر کی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔کیچڑ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بجلی اور ٹیلیفون کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ باڈہ اور گرد نواح میں تین دن سے جاری ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائوں نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ بارش کی وجہ سے گلیوں میں کیچڑ جمع ہوگیا ہے جس کے باعث کاروبار سخت متاثر ہو گئے ہیں۔  دوسری جانب گرم کپڑوں کی خریداری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ شہری سردی سے بچاؤ کے لئے گرم اشیاء کا بھی کررہے ہیں جس کی وجہ سے گرم اشیاء کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہو ا ہے۔ گھارو شہر اور  اطراف میں اتوار کے روز ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش سے بلدیہ کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی۔ بارش سے  شہر بھر میں گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش سے قبل ہی شہر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا نقشہ پیش کر رہی تھیں بارش کے پانی  نے مزید صورتحال کو کشیدہ کر دیا ہے  نکاسی آب کا نظام مکمل ناکارہ ہونے کے باعث پانی جمع   رہنے سے شہریوں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
تازہ ترین