• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولارچی: تھانے پر کھڑے آئل ٹینکر کے قیمتی پرزے نکال لئے گئے

بدین ( نامہ نگار) گولارچی پولیس کے  کارنامے نے تھانے پر کھڑے آئل ٹینکر کے پندرہ ہزار خام تیل کو پانی بنا دیا ہے جبکہ ٹینکر کے  قیمتی  پرزنے بھی نکال لئے گئے ہیں۔معلومات کے مطابق گزشتہ سال پولیس نے کارروائی کے دوران چھاپہ مار کر تیل کمپنی کی پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے والے آئل ٹینکر کو تحویل میں لے کر تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا تھا جس کا مقدمہ گزشتہ سال چار اپریل کو گولارچی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ درج کی جانے والی ایف آئی آر میں آئل ٹینکر کو خام تیل سے بھرا بتایا گیا ہے مگر صرف نو ماہ کے عرصے کے دوران پہلے ٹینکر میں موجود خام تیل پانی بنا اور پھر وہ بھی غائب ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹینکر کے اہم اور قیمتی پرزے بھی نکال لئے گئے ہیں اور ٹینکر عملی طور پر کھوکھے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ اطلاعات کے  مطابق ٹینکر کے مالک نے گزشتہ دنوں ٹینکر کی ضمانت تو کرالی مگر جب وہ اسے لینے تھانہ پہنچا تو ٹینکر کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے اسے ریلیز کرائے بغیر احتجاجا چلا گیا۔ رابطہ کرنے پر مقامی پولیس افسران کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ان کی تقرری سے قبل کا ہے جس کے بارے میں انہیں اطلاع نہیں ہے۔
تازہ ترین