• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہی: سیکڑوں آبادگاروں کا آبپاشی انجینئر کے خلاف پیدل مارچ

جوہی(نامہ نگار )  سیکڑوں آبادگاروں اور کسانوں کا آبپاشی انجینئر جوہی اور دیگر عملے کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا۔ 4 کروڑ روپے خورد برد کرنے کا الزام  تفصیلات کے مطابق جوہی میں سیکڑوں آبادگاروں اور کسانوں نے بلاول پارک سے احتجاجی جلوس نکالا جس کی قیادت غلام عباس رودنانی حاجی حسین لاشاری، میہر گاڈھی اور عبداللطیف جمالی کر رہے تھے۔ مظاہرین  ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا کر آبپاشی انجنیئر کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پورے شہر میں پیدل گشت کرنے کے بعد فاضل چوک پر دھرنا دیکر 3 گھنٹے تک روڈ بلاک کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عباس رودنانی، امام علی رستمانی، عبداللطیف جمالی، میہر گاڈھی سمیت دیگر مقررین نے آبپاشی انجینئر جوہی اور دیگر عملے پر الزام لگاتے ہوۓ کہا کہ جوہی برانچ کی کھدائی اور بھل صفائی کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے چار کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب جوہی برانچ میں ربیع کی فصل کیلئے پانی موجود ہے لیکن پانی میں کھدائی کرانے کیلئے انجینئر  حکمت عملی کے تحت  4 کروڑ روپے خورد برد کرنا چاہتا ہے انھوں نے کہا کہ آر ڈی  سے اوپر کھدائی کرانے سے ٹیل کے آبادگاروں کو زرعی پانی کی فراہمی نہیں ہو سکے گی اور ٹیل کے آبادگاروں کی ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوہی برانچ کی کھدائی ھمیشہ کی طرح مئی اور جون میں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کرنے کے الزام میں نیب کی حراست میں رہنے اور خورد برد کرنے والے انجینئر کو دوبارہ جوہی کا چارج دیکر علاقے کے آبادگاروں اور کسانوں کو حیرت میں ڈالا گیا ہے۔ انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیئرمین نیب، چئیرمین اینٹی کرپشن سندھ، چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے 4 کروڑ کی رقم خورد برد کرنے کی سازش کو ناکام بنانے اور راشی انجینئر کو فوری طور ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین