• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

37ممالک کے فوجی اتحاد کی سربراہی پاکستان کیلئے اعزاز ہے،عبدالغفورحیدری

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)جے یوآئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری وڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ پانامہ لیکس کامعاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہے اسکے فیصلے کاانتظار کرنا چاہئے۔ ملٹری کورٹس کے معاملے پر اتفاق رائے کیلئے حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلائے اوراتفاق رائے سے فیصلہ کرے۔ پشاور میں جے یوآئی صدسالہ کانفرنس الیکشن تیاری کاہی حصہ ہے ۔جنرل راحیل شریف کی تقرری کومتنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، 37ممالک پر مشتمل فوجی اتحاد کی سربراہی پاکستان  کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ان خیالات کااظہار انھوں نے جامعہ مسجد حنفیہ صدیقیہ سلطان آباد ڈھوک حسو راولپنڈی میں عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے جے یوآئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمن ،قاری ابراہیم حضروی ،ڈاکٹر ضیاء الرحمن امازئی ،مفتی عبدالرحمن ،مولاناشاہ عبدالعزیز،مفتی خورشید ،مولاناخالد،مولاناعمران ،قاری زیب الرحمن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔مولاناعبدالغفورحیدری نے کہاکہ ملٹری کورٹس کامعاملہ جے یوآئی کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں بھی زیر بحث آیاہے ہمارانقطہ نظریہ ہے  کہ اب ان کی افادیت نہیں ہے لیکن اگرحکومت یہ سمجھتی ہے کہ ان کورٹس کی افادیت ہے اور انکی مدت میں اضافہ ہوناچاہیے تو اتفاق رائے پیداکیاجائے ۔ انھوں نے کہاکہ سیاسی کارکن کے طورہماری حالات پر نظرہے الیکشن بھی قریب ہیں لیکن ہمارافی الحال فوکس پشاور کانفرنس ہے جس میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے، انھوں نے کہاکہ ہم بیرونی دبائو میں آکر اپنے شہریوں اور تنظیموں کودہشت گرد قراردیتے ہیں دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کسی کے کہنے پر کسی کودہشت گر د قرار دیناانصاف نہیں ہے انھوں نے کہاکہ دینی ادارے فلاح انسانیت کی نرسریاں ہیں۔ انھوں نےکہاکہ سوداللہ ورسول کے خلاف اعلان جنگ ہے، ایک وہ وقت بھی تھا جب سپریم کورٹ نے سودی نظام کے خلاف فیصلہ دے دیاتھا۔جس پراس وقت کے اور موجودہ وزیر اعظم نے سٹے لے لیاتھاجو آج بھی برقرار ہے ۔جے یوآئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے کہاکہ کالعدم تنظیموں سے متعلق لگتاہے ہرروز وزیر داخلہ پالیسی بدلتے ہیں  انھوں نے کہاکہ پنجاب کے مدارس اور علماء کرام کوبے جاہراساں کرنا بند کیاجائے۔ 
تازہ ترین