• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی تحقیقات سے نواز شریف کے اثاثے ثابت، عمران خان، چیئرمین تحریک انصاف ذہنی مریض بن گئے، ن لیگ

ڈیرہ غازی خان(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نئی تحقیق سے نوازشریف کے اثاثے ثابت ہوچکے ہیں، نواز شریف نے پیسہ چوری کرکے بیرون ملک اپنے بچوں کو بھیجا،پاناما کیس اللہ تعالیٰ کا سوموٹو ایکشن ہے، پاناما کیس کے بعد عوام کو شریف مافیا سے نجات مل جائے گی، قطری شہزادوں کی مے فیئر فلیٹس کی ملکیت ثابت نہ ہوئی تو وزیر اعظم مشکل میں پھنس جائینگے، کرپشن کیخلاف جنگ جیت گئے تو پاکستان بدل جائیگا، پورے ملک کے لوگ تخت لاہور سے تنگ آ چکے ہیں ،عوام تیار ہو جائیں نیا پاکستان بننے والا ہے،ایسا ملک بنائیں گے جہاں ایک عام آدمی کا بچہ سرکاری اسکول میں پڑھ کر ملک کا وزیر اعظم بن سکے، پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرح فلاحی ریاست بننا تھا لیکن حکمرانوں نے اسے تباہ و برباد کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوجنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا نواز شریف نے پاکستانی قوم کا پیسہ چوری کرکے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر بھجوایا اور ملک سے باہر بچوں کے نام سے جائیدادیں خریدیں۔ عمران خان نے عالمی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 1993 میں لندن میں فلیٹس خریدے جن کیلئے پیسے یہاں سے بھجوائے گئے، مریم نواز فلیٹس کی مالک ثابت ہوئیں تو قطری شہزادے کا جھوٹا خط لایا گیا، اگر نواز شریف یہ ثابت نہ کر سکے کہ 1993 سے پہلے مے فیئر فلیٹس کے مالک قطری تھے تو مشکل میں پھنس جائیں گے اور اگر یہ ثابت نہ کر سکے کہ آف شور کمپنیوں کی بنیفیشری مریم نواز ہیں تو بھی پھنس جائیں گے، نواز شریف پاناما کیس میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ کرپشن کرکے اداروں کو تباہ کر رہا ہے، کرپشن کی ٹیم بنا رہے ہیں، جس کا کپتان نواز شریف کو مقرر کرینگے۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے الزام لگایاکہ وزیراعظم نواز شریف کی کم سے کم 500 ارب روپے کی جائیداد یا بینک بیلنس ملک سے باہر ہے، پاناما پیپرز اسکینڈل میں جس دولت کا ذکر ہے وہ تو کچھ بھی نہیں۔عمران خان نے کہا کہ ڈر ہے کہ آنے والے دنوں میں نواز شریف کے وکیل یہ نہ کہیں کہ ان کو وزیر اعظم ہونے کی وجہ سے کرپشن کرنے کی اجازت دی جائے، نواز شریف کرپٹ ٹولے کا سربراہ ہے۔ عمران خان نے کہا سارے پاکستان کے لوگ تخت لاہور سے تنگ آچکے ہیں،مجھے ڈی جی خان کے مسئلوں کا علم تھا،سب پتا تھا کہ یہاں کیا ہورہا ہے، علامہ اقبال کے خواب کا مظہر نیا پاکستان ہوگا جو ان شاءاللہ ہم بنائیں گے۔اس موقع پر عمران خان نے اعلان کیا کہ کراچی کے بعد ڈی جی خان میں بھی کینسر اسپتال بنانیکی کوشش کریں گے۔
تازہ ترین