• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں سردی، کوئٹہ میں ریکارڈ برفباری، شاہراہیں بند

اسلام آباد(نمائندہ گان جنگ/نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شاہراہیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ کوئٹہ میں ریکارڈ، کئی مقامات پر لوگ پھنس گئے، برفباری کے بعد بلوچستان میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، مری، کوئٹہ، زیارت، خضدار، چترال، سوات، دیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی مزیدبڑھ گئی،پہاڑوں پر برفباری سے وادیاں خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں، برفباری نے سڑکوں، مکان اور درختوں کوسفید چادر سے ڈھانپ دیا ،بڑی تعداد میں سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے بالائی علاقوں میں پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثر اور سندھ کے چند مقامات جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔   بلوچستان میں گزشتہ روز شرو ع ہونےوالی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوئٹہ سمیت سرخاب، بوستان، قلا ت، زیارت، مستونگ، لورالائی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری سے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ زیارت اور قلات کا زمینی رابطہ آپس میں منقطع ہو گیا ہے۔ مستونگ میں بھی لکپاس ٹنل برفباری کے باعث بند ہونے سے کوئٹہ سے کراچی اور تفتان جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہے، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ کر کے متعلقہ اداروں کے اہلکا رو ں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں برفبا ر ی کے بعد فنی خرابی کےسبب بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کوئٹہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان  شدید برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا اور کوئٹہ میں برفباری کا 12 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ شدید سرد موسم میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن اور سوئی گیس کے پریشر میں کمی نے شہریوں کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کر دیا۔ مسلسل برفباری کے باعث صوبائی دارالحکومت کا  دو سرے صو بو ں  اور شہروں سے زمینی اور فضائی رابطہ اتوار کو بھی منقطع رہا ۔ صوبائی حکومت نے سڑکوں پر پھسلن کے باعث  عوام کی حفاظت کے پیش نظرمسافروں کو رات کے وقت سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کوئٹہ سے اندرون ملک جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔  ہرنائی سے نمائندہ کے مطابق ضلع ہرنائی میں جمعہ کی شب سے شروع ہونے والی بارش و برفباری کی وجہ سے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ کٹ گیا  ہے ہرنائی کوئٹہ اور ہرنائی پنجاب شاہراہ مختلف مقامات پر شدید برفباری کے باعث بند ہے ۔خضدار سے نمائندہ کے مطابق گزشتہ دو روز سے قلات مستونگ میں شدید برف باری اور بارش کے باعث لک پاس ٹنل ٹریفک کے لیئے بند ہو ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان دو روز سے زمینی رابطہ منقطع ہے ۔ 
تازہ ترین