• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا کونسل آف کمپلینٹ لاہور کا اجلاس بار بار بلانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر چینل پر50 ہزار روپے جرمانہ کی سفارش

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پیمرا کونسل آف کمپلینٹ لاہور نے نجی ٹی وی ’چینل 24‘ کے خلاف بار بار بلانے کے باوجود کونسل کے روبرو پیش نہ ہونے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سفارش کی ہے۔ چینل 24کو کو نسل کی طرف سےغیر سنجیدہ رویہ اپنانے پر جرمانے کا سامنا ہے۔ اس جرمانے کی سفارش پیمراکونسل آف کمپلینٹ لاہور کےاجلاس میں ایک شہری ْقاضی محمد اقبال کی طرف سے چینل 24اور اے آر وائی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کی گئی۔ کونسل آف کمپلینٹ کا اجلاس پیمرا ریجنل آفس لاہور میں ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی محمد حفیظ کی طرف سے جیو ٹی وی اور جاگ ٹی وی کے خلاف بے بنیاد خبریں چلانے کے الزام پر سماعت شکایت دہندہ کی عدم موجودگی کی بنا پر ملتوی کر دی گئی۔ تاہم کونسل نے ٹی وی چینلز کو کرکٹ کے کھلاڑیوں کے خلاف جھوٹے الزامات پر مبنی خبریں چلانے پر معذرت کرنے کا پابند بنانے کی سفارش کی۔ اے آر وائی کے پروگرام ’پاور پلے ‘ 11نومبر  2016؁ء میں آرمی چیف پر نشر کیے گئے پروگرام ’Legacy of Chief of the Army Staff‘ پر سماعت اے آر وائی کے وکیل کی درخواست پر اگلی سماعت تک ملتوی کر دی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’خبردار‘  12نومبر 2016؁ء میں گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی مرحوم کی عمر صحت اور سینیارٹی کے حوالے سے قابلِ اعتراض پروگرام پیش کرنے پر ٹی وی چینل سے معذرت طلب کرنے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا گیا۔ شہری چودھری ارشد علی کی طرف سے دنیا ٹی وی کے خلاف درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے فیصلہ آنے تک ملتوی کر دی گئی۔ کونسل آف کمپلینٹ نے میوب گلوبل پرائیویٹ کو اپنے بقایا جات پندرہ روز میں ادا کرنے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی کونسل کی طرف سے مقررہ عرصہ میں بقایا جات جمع نہ کرانے کی صورت میں میوب گلوبل کا لائسنس معطل کرنے کی سفارش کی گئی۔ کونسل کے دیگر ارکا ن میں جنہوں نے اجلاس میں شرکت کی ڈاکٹر صغریٰ ندیم، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، افتخار احمد تارڑ، فوزیہ وقار اور ریجنل جنرل منیجرصفدر رحمان شامل تھے۔
تازہ ترین