• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ گڈانی کے لواحقین کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے تقریب

حب(نامہ نگار)  گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 54پر ناکارہ بحری جہاز میں آتشزدگی سے جان بحق ہونے والے محنت کشوں کے ورثاء کو معاوضو ں کی فوری ادائیگی کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سید ذوالفقار علی شاہ ہاشمی نے شپ بریکرز ایسوسی ایشن ، گڈانی شپ بریکنگ لیبر یونین اور مقامی نمائندوں پر مشتمل معاوضہ کمیٹی اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں قائم کی تھی۔ کمیٹی نے سانحے میں جانبحق محنت کشوں کے اصل حقداروں تک امدادی رقم کی ادائیگی شفاف طریقے سے یقینی بنانے کیلئے نادرا سے تصدیقی دستاویزات کے بعد محنت کشوں کے ورثاء کو ادائیگی کا سلسلہ شروع کیا تھا اور پہلے مرحلے میں جانبحق ہونے والے چارمقامی محنت کشوں کے ورثا کو ادائیگی کی تھی۔ معاوضہ کمیٹی اراکین نے ہفتے کے روز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے سانحے میں جانبحق پنجاب سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں اور مقامی زخمیوں کوادائیگی کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقدکی ، تقریب میں گڈانی معاوضہ کمیٹی کے چیئرمین اسسٹنٹ کمشنر حب نعیم جان گچکی  اور کمیٹی ممبران چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی وڈیرہ عبدالحمید بلوچ ، رفیق عبدالغنی، بابو کریم جان نے سانحہ یکم نومبر گڈانی شپ بریکنگ میں جانبحق ہونے والے محنت کشوں کے ورثا ء کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں فی کس 9-لاکھ روپے کے امدادی چیکس دیئے جبکہ سوشل سیکورٹی لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں فی کس چار لاکھ روپے کے گرانٹ ڈیتھ کے چیکس کمپنسیشن کمشنر کی جانب سے ادائیگی کی جائیگی۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی وڈیرہ عبدالحمید بلوچ نے گڈانی کے محنت کشوں اور پنجاب سے آئے ہوئے محنت کشوں کے ورثا ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی نے گڈانی دورے کے موقع پر جو احکامات جاری کئے اور شہداء کے لواحقین کو معاوضوں کی ادائیگی کے جو وعدے کئے تھے آج ان پر عملدرآمد ہوگیا ہے۔
تازہ ترین