• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیابی کا راز رسول اکرم ﷺ کی حیات طیبہ میں مضمر ہے، نغمانہ عالمگیر ہاشمی

برسلز (عظیم ڈار) سفارتخانہ پاکستان برسلز، لکسمبرگ و یورپی یونین نے گذشتہ روز میلاد مصطفیٰﷺ کے سلسلے میں ایک پُروقار محفل کاانعقاد کیا جس کی صدارت سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کی ،اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کو رسول اللہﷺ کے اوصاف اور اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز رسول اکرمﷺ کی حیات طیبہ میں مضمر ہے۔ ہم اپنے بزرگوں اور علما و حق کی تعلیمات کو بھلا کر نفسانی خواہشات کے پیچھے دوڑ رہے ہیں اور اپنے ہمسایوں کا خیال رکھنے کی بجائے بغض اور حسد جیسے فتنوں کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسلمان آج رسوا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں میں اسلامی تعلیمات کو زندہ رکھ کر ہی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ثاقب رئوف نے کہا کہ ہمیں حضرت محمدﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں کی روشنی میں زندگی بسر کرنے کی ضرورت ہے، آپﷺ کی ولادت باسعادت پوری کائنات کے لئے باعث رحمت ہے، ہمیں قرآن و سنت کی روشنی میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ فرسٹ سیکرٹری اویس خان نے میلاد مصطفیٰﷺ اور سیرت النبیﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ میلاد مصطفیٰﷺ کی محفل کا آغاز اجتماعی قرآن خوانی سے کیا گیا۔ نظامت کے فرائض ڈپٹی ہیڈ آف مشن ثاقب رئوف نے ادا کئے۔ پروگرام میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی اور علیحدہ انتظام کی وجہ سے خواتین نے بھی تسبیح اور قرآن خوانی میں حصہ لیاجبکہ محمد خاور اور مہر عبدالمالک نے حضور اکرمﷺ کی آمد کی خوشی میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام میں جامعہ مسجد مدینۃ الرسولﷺ برسلز کے امام و خطیب علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں کیں اور سفارتخانہ پاکستان برسلز کو میلاد مصطفیٰﷺ کے پروگرام کو منعقد کرنے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیاکہ سفارتخانہ پاکستان جس طرح قومی تہواروں کو شایان شان طریقے سے مناتا ہے اسی طرح مذہبی تہواروں کو بھی عقیدت و احترام سے منائے تاکہ پاکستانی کمیونٹی پاکستانی ثقافت کے ساتھ ساتھ مذہبی رسوم و رواج سے آشنا ہوں۔ پروگرام میں پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز، آصف جمیل، چوہدری نصیر، ملک پرویز، محمد حفیظ الرحمٰن، محمد حبیب، سردار صدیق، محمد جمیل، ملک اخلاق اعوان، محمد ارشد آسی، خواتین اور دیگر افراد نے شرکت کی جب کہ سفارتی عملہ میں اکنامک منسٹر عمر حمید، ہیڈ آف چانسری گیان چند، کونسلر محمد اسلم، پریس کونسلر سیدہ سلطانہ رضوی اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔
تازہ ترین