• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی صنعت ترقی کی راہوں پرکامیابی سے گامزن ہے، خرم دستگیر

فرینکفرٹ(سید اقبال حیدر)وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہاہے کہ پاکستانی صنعت ترقی کی راہوں پرکامیابی سے گامزن ہے۔،وزیر اعظم میاں نواز شریف نے صنعتی ترقی کے لئے 180 ارب کا پیکیج دے کر ملک کی صنعت کو سہارا دیا ہے۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں دنیا کا سب سے بڑے ہوم ٹیکسٹائل فیر نہایت کامیابی سے اختتام پزیر ہوا۔فرینکفرٹ میں پاکستانی کونسلیٹ کے کمرشل کونسلر رضوان طارق اور کونسلیٹ جنرل آف پاکستان ندیم احمد اور ان کے عملہ نے پاکستان سے آنے والے بزنس مین حضرات کے لئے ہر طرح کی سہولتوں کا اہتمام کیا،فیر کے پہلے روز جرمنی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم فیر میں تشریف لائے ۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی دیدہ زیب ٹیکسٹائل مصنوعات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں ہنر مندوں کی کمی نہیں ہے،ہر ہنر مند اور بزنس مین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،ہوم ٹیکسٹائل فیر کے دوسرے روز وفاقی وزیر خرم دستگیر اس فیر میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لائے۔آپ نے تمام پاکستانی اسٹال کا دورہ کیا۔ شرکا کے مسائل اور ان کے تدارک کے لئے تفصیلی گفتگو کی۔نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تین برس پہلے یہ صنعت دم توڑ رہی تھی،بجلی کے بحران نے ملکی صنعت کا گلا گھونٹ دیا تھا مگر آج حالات بہت بہتر نظر آ رہے ہیں، ملکی صنعت کا پہیہ پھر سے چل پڑا ہے،لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی ہے اور 2018 لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا۔ وفاقی وزیر نے پیپلز کے سلیم مانڈی والا کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اس لئے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں کہ وہاں کی اپوزیشن حکومت کی نا اہلی پر تنقید اور اچھے اقدامات پر حکومت کے ہاتھ مضبوط کرتی ہے، مگر سلیم مانڈی والا اور اپوزیشن کے دیگر سیاست دانوں کو ہماری حکومت کے مثبت اقدامات نظر نہیں آتے۔ جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے نام پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر پاکستانی بیرون ملک اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے اورسفیر کا کام اپنے رہن سہن اور طرزِ عمل سے اپنے ملک کا وقار بلند کر نا ہوتا ہے،تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین