• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صاف پانی کی فراہمی حکومت کیلئے چیلنج ہے، عباس رضا

بہاولپور(سٹی رپورٹر) سابق چیئر مین بہاولپور سول سوسائٹی نیٹ ورک شیخ عباس رضا نے کہاہے کہ صاف پانی پروگرام میں سنگین بدعنوانیاں اور کرپشن کی وجہ سے پنجاب کی 5کروڑ دیہی آبادی کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جاسکی۔مفاد عامہ کے ایک بڑے پروگرام میں متعلقہ اداروں کی طرف سے کوتاہی غیرذمہ داری کامظاہرہ تکلیف دہ اورافسوسناک ہی نہیں بلکہ قومی خزانے کا بے دردی سے ضیاع بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدانتظامی، غفلت اورپیشہ ورانہ عزم کی کمی کے باعث یہ پروگرام نہ صرف تاخیر کاشکار ہوگیاہے بلکہ لاگت کاتخمینہ بھی اربوں تک پہنچ گیاہے۔ پنجاب کے 12کروڑ عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، اس سے بطریق احسن نمٹنے اورعہدہ برآہونے کی ضرورت ہے۔شیخ عباس رضا نے مزیدکہاکہ ملک بھر میں منرل واٹر کی آڑ میں مضرصحت پانی فروخت کیاجارہاہے جس کی وجہ سے عوام موذی بیماریوں میں مبتلاہورہے ہیں۔ منرل واٹر فیکٹریوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کیاجارہا اورنہ ہی مضرصحت پانی کوچیک کرنے کیلئے کوئی لیبارٹری کاقیام عمل میں لایاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کوچاہیے کہ وہ انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرئے اورصاف پانی پروگرام کوخوش اسلوبی سے آگے بڑھائے جبکہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کوہدایت جاری کرئے کہ وہ منرل واٹر کی آڑ میں مضر صحت پانی کی فروخت کرنے والے جعلسازوں کیخلاف بھرپورکارروائی کویقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین