• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارٹی فنڈنگ کیس، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی، تعصب کیلئے آپ ہی کافی ہیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(نیوزایجنسیز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا۔ پیر کو پی ٹی آئی کے سابق راہنما اکبر ایس بابر کی جانب سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈز میں مبینہ خرد برد کے حوالے سے دائر کیے گئے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی تاہم اس پر چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) سردار رضا خان تحریک انصاف کے وکیل پر برہم ہوگئے اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 2 سال سے کیس التوا کا شکار ہے، وقت ضائع نہ کریں، تاہم ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں،تعصب کیلئے آپ ہی کافی ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے،  ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں لیکن خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں۔ ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مذاق ہے، جس کی مرضی آتی ہے یہاں بولنا شروع کر دیتا ہے۔ پہلے پاور آف اٹارنی دیں پھر جواب دیں ۔وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ سماعت کی تاریخ اگلے ماہ کی دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ ڈھائی سال سے یہی ہورہاہے۔ الیکشن کمیشن کے برہم ہونے پر تحریک انصاف کے وکلا نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 9 جنوری کو جمع کرایا گیا اپنا جواب واپس لیتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرنے کا حکم دیا کہ تحریک انصاف تاخیری حربے استعمال کررہی ہے ۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل سے پی ٹی آئی کو تمام غیر ملکی فنڈنگ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی۔ 
تازہ ترین