• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کی بی بی سی رپورٹ کی تشریح سراسر غلط ہے ،نجم سیٹھی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ میں کوئی نئی بات نہیں کی گئی ہے، رپورٹ میں ایسی کوئی بات نہیں جس سے نواز شریف کے کیس کو نقصان پہنچے ،اپوزیشن بی بی سی کی رپورٹ کی جو تشریح کررہی ہے وہ سراسر غلط ہے، اپوزیشن پراپیگنڈے کی جنگ جیتتی نظر آرہی ہے، وزیراعظم کے وکیل کا ان کی اسمبلی کی تقریر کے استثنیٰ سے متعلق موقف غیرضروری ہے،، عمران خان نے سیاسی دباؤاتنا زیادہ بڑھایا ہوا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں اور الیکشن کمیشن پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ لندن فلیٹس پر بی بی سی کی رپورٹ پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ میں کوئی نئی بات نہیں کی گئی ہے، رپورٹ میں ایسی کوئی بات نہیں جس سے نواز شریف کے کیس کو نقصان پہنچے، بی بی سی کی رپورٹ میں کوئی بات غلط نہیں ہے ،اپوزیشن بی بی سی کی رپورٹ کی جو تشریح کررہی ہے وہ سراسر غلط ہے، اپوزیشن پراپیگنڈے کی جنگ جیتتی نظر آرہی ہے، نیلسن اور نیسکول کی ملکیت کب تبدیل ہوئی یہ سوال اہمیت کا حامل ہے، شریف خاندان نیلسن اور نیسکول کی ملکیت میں تبدیلی کا ثبوت دیدیتا ہے تو ان کا کیس انتہائی مضبوط ہوجائے گا۔ پاناما کیس کی سماعت پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاناما کیس کے اخلاقی، سیاسی اور قانونی تین پہلو ہیں، قانونی طور پر وزیراعظم کا کیس بہت مضبوط ہے، وزیراعظم کی قومی اسمبلی کی تقریر میں کوئی ایسی بات نہیں جس کی اب وہ خلاف ورزی کررہے ہوں،اخلاقی طور پر نواز شریف کے سابق وکیل سلمان بٹ اور موجودہ وکیل مخدوم علی خان دونوں کا موقف کمزور ہے، وزیراعظم کے وکیل کا ان کی اسمبلی کی تقریر کے استثنیٰ سے متعلق موقف غیرضروری ہے، مخدوم علی خان کی کوشش ہے کہ وزیراعظم کو پاناما کیس سے نکالا جائے شاید اسی لئے وہ تقریر کے معاملہ کو جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔الیکشن کمیشن پر عمران خان کے الزامات اور الیکشن کمیشن کے ردعمل پر تجزیہ کرتے ہوئے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ عدلیہ نے انصاف دینا ہے ، عمران خان نے سیاسی دبائواتنا زیادہ بڑھایا ہوا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں اور الیکشن کمیشن پیچھے ہٹ گئے ہیں، عمران خان نے عدلیہ سے متعلق جیسی باتیں کی ہیں انہیں توہین عدالت میں دھر لیا جانا چاہئے تھا  نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کیا ہوا ہے لیکن وہ عدالت میں نہیں آتے ہیں،  الیکشن کمیشن کے اندر بھی اکبر ایس بابر کی پٹیشن پر فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں ہے۔آرمی چیف جنرل باجوہ کے افغان صدر سے رابطہ پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان اور امریکا اپنا اپنا گیم کھیل رہے ہیں، پاکستان امریکا سے فائدے حاصل کرنے کی گیم کافی عرصے سے کھیل رہا ہے، خطے میں امن کیلئے پاکستان، افغانستان اور امریکا کو ماضی کی غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر سے رابطہ کر کے تعلقات معمول پر لانے کیلئے بڑی کوشش کی ہے لیکن اشرف غنی کا رویہ ماضی کی طرح خوش آمدید والا نہیں ہے، اشرف غنی نے اس رابطہ میں ایک نئی بات کہی ہے کہ وہ پاکستان سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، حالانکہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے کہا تھا پاکستان سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ 
تازہ ترین