• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس‘ سانحہ گڈانی کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں گزشتہ سال یکم نومبر کو بلوچستان کے ساحلی شہر گڈانی میں گیس ویلڈنگ پلانٹ میں لگنے والی آگ اور اس کے نتیجہ میں دس کے قریب محنت کشوں کی اموات اور پچاس کے قریب افراد کے جلنے سے متعلق ’’سانحہ گڈانی‘‘ کا جائزہ لیا گیا۔آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں  کے افسران کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت  کی گئی، تفصیلات کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین بابر نواز خان کی صدارت میں سوموار کے روز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے صوبائی محکمہ محنت و افرادی قوت کے علاوہ کسی بھی محکمہ کا کوئی افسر نہ پہنچ سکا جبکہ محکمہ محنت و افرادی قوت کا نمائندہ بھی کمیٹی کے فاضل ممبران کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ محکوموں کے افسران کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کردیا۔ قبل ازیں فاضل ممبران نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی۔ اجلاس میں بابر نواز خان کے علاوہ صاحبزادہ محمد یعقوب‘ سید عیسیٰ نوری‘ بیگم طاہرہ بخاری‘ فرہانہ قمر‘ ثریا اصغر‘ شازیہ ثوبیہ‘ منزیٰ حسن‘ کرن حیدر‘ آسیہ ناز تنولی‘ ساجد نواز‘ کشور زہرہ‘ عالیہ کامران مرتضیٰ اور نسیمہ حفیظ پانیزئی اور متعلقہ محکوموں کے چند افسران نے شرکت کی۔
تازہ ترین