• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پے در پے ناکامیوں کے بعد گزشتہ روز میلبورن میں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر بلاشبہ دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو حیران کردیا ہے۔ اس گراؤنڈ پر پاکستان کو بتیس سال بعد کامیابی ملی ہے جبکہ آسٹریلیا میں یہ بارہ سال بعد پاکستان کی پہلی فتح ہے۔اس شاندار تاریخی کامیابی سے عیاں ہے کہ اچھی قیادت اور ٹیم اسپرٹ سے مشکل ترین حالات میں بھی تقدیریں بدلی جاسکتی ہیں۔اس میچ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے محمد حفیظ نے جو پچھلے مقابلوں میں بولنگ ایکشن کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے، 72رن کی شاندار کیپٹن اننگ کھیل کر جس میں آٹھ چوکے بھی شامل تھے، اپنی واپسی کو فی الواقع یادگار بنادیا اور مین آف دی میچ کا اعزاز پایا ۔ انہوں نے اپنے بولروں جنید خان ، محمد عامر، حسن علی ، عماد وسیم اور شعیب ملک سے مہارت کے ساتھ کام لیا ، بولروں نے بھی کپتان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی جبکہ فیلڈنگ بھی غیرمعمولی طور پر اچھی رہی اور میزبان ٹیم کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے کیچ آؤٹ ہوتے چلے گئے ۔ پاکستان کی عمدہ بالنگ اور فیلڈنگ کے باعث پوری آسٹریلوی ٹیم اڑتالیس اوور میں 220رن بناکر ڈھیر ہوگئی ۔اس کے بعد 221 رن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے محمد حفیظ اور شرجیل خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ کی شراکت میں 68رن بنے ۔ شرجیل خان تیس رن کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے تو بابر اعظم نے کپتان کے ساتھ دیا اور چونتیس رن بناکر ٹیم کا مجموعی اسکور ایک سو چالیس تک پہنچایا۔ ایک سو بیالیس کے اسکور پر محمد حفیظ پویلین چلے گئے تو اسد شفیق نے اسکور میں 13اور شعیب ملک نے بیالیس رنز کا اضافہ کیا جبکہ عمر اکمل 18رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور اڑتالیس اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل ہوگیا۔پانچ ون ڈے میچوں کے اس سلسلے کے ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اب پاکستان کیلئے سیریز جیتنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے بشرطیکہ ٹیم میں اسی طرح ہم آہنگی اور تعاون برقرار رہے جو اس تاریخی کامیابی کا اصل سبب ہے۔

.
تازہ ترین