• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پلائو کھائیں گے احباب فاتحہ ہوگا!
ہر روز خبر ہوتی ہے پر گرم نہیں ہوتی، ایندھن ختم ہو چلا، پلائو تیار نہ ہوسکا، فاتحہ کو افتتاح بنا دیا اسی لئے نندی پور کا پاور اسٹیشن فوت ہوگیا، جن پر بن برسا ان پر گھن برس گیا جعلی ٹرانزیکشن ہوئی رضا ربانی ایاز صادق خورشید شاہ فضل الرحمٰن کے اکائونٹس میں کروڑوں جمع ہوگئے، اسٹیٹ بینک تحقیقات کررہا ہے، کسی حکومتی شخصیت کے اکائونٹس میں کچھ بھی جمع نہ ہوا شاید ان میں گنجائش نہیں تھی، یا حکومت کو بدنام کرنے کیلئے کسی نے شرارت کی، بہرحال یہ حادثہ یا واقعہ غلط ہی ہوگا، مگر اس نقار خانے یا نگار خانے میں غلط بر وزن صحیح ہے اور صحیح کی شکل و شباہت ہوبہو غلط پر گئی ہے، بلاول لاہور سے فیصل آباد ریلی نکال رہے ہیں، حالانکہ شہباز شریف لاہور میں ہوتے ہیں، ممکن ہے رانا ثناء اللہ کے خلاف یہ احتجاج ہو، بہرحال گیس بجلی کی بندش کے خلاف کوئی ریلی نہ نکالی ہے نہ نکالیں گے، کیونکہ پی پی کی بجلی گیس آرہی ہے، کرپشن کے خاتمہ کیلئے بقول شہباز شریف سیاستدانوں، ججوں اور جرنیلوں نے ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، ان کا اپنا گھرانہ بھی من حیث المجموع سیاستدان ہے، چند افراد خاندان کے پیسے محفوظ کرنے کو چھوڑ دیئے ہیں تاکہ وہ اطمینان قلب سے عوام کی خدمت کرسکیں کہ کہیں بجلی گیس نہ آجائے مہنگائی چلی نہ جائے، ہاں بھول گئے ٹرانزیکشن ایک کروڑ کی اعتزاز کے اکائونٹ میں ہوئی رسیدیں بھی سب کو موصول ہوگئی ہیں، کہیں فرشتوں نے تو پاکستان کا کنٹرول نہیں سنبھال لیا، یہ جو چاول بٹ رہے ہیں اکائونٹوں میں یہ اکبر الٰہ آبادی کی پیش گوئی ہے کہ؎
بتائوں آپ کو مرنے کے بعد کیا ہوگا
پلائو کھائیں گے احباب فاتحہ ہوگا
٭٭٭٭٭
پاناما۔ ہن شرماں کانوں رکھیاں!
پاناما کا قول ہے: گھونگھٹ چک او سجناں
ہن شرماں کانوں رکھیاں
کسی منچلے نے پوچھا: پاناما اور پاجاما میں کیا فرق ہے؟
ایک فرق ہے ایک غرق ہے
اب تو کہہ سکتے ہیں کہ ایک زمانہ بیت گیا پاناما کیس، مکھ پر ڈالے ’’کیس‘‘ ہے، کہیں یہ وہ نالائق ستار نواز والا کیس تو نہیں کہ ایک موسیقار کے بیٹے نے کہا ابا یہ کیا بجا رہا ہے موسیقار والد صاحب نے فرمایا: بیٹا یہ سات بجار ہا ہے ساز نہیں بجا رہا کیونکہ 7 بجے تک اس کا ٹائم ہے، پاناما جب تک پاکستان نہیں پہنچا تھا ناک کی سیدھ میں چل رہا تھا۔ اور اس نے کتنے ہی جغادری بیک بینی و دو گوش نکال باہر کئے، لیکن ہماری گلیاں موڑ دار ہیں اور لچکدار بھی اس لئے یہ بند گلی میں کہیں پھنس گیا ہے اب یو ٹرن لے گا تو کچھ پتہ چلے گا۔ اس کیس نے ہمارے حکمرانوں کو اپنی برکتوں سے خوب نوازا، اب بجلی، گیس، مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور یہ جعلی ٹرانزیکشن پر کسی کی نگاہ ہی نہیں پڑتی، پاناما کو جتنی بھی دیر لگے خیر ہے کہ ہمارے پاس صرف وقت کی کوئی کمی نہیں، آخر کہیں نہ کہیں پاناما رنگ دکھائے گا اور پاجاما گرے گا، عدالت عظمیٰ عدل کے سارے تقاضے پورے کررہی ہے، تاکہ بعد میں کسی کو یہ شکایت نہ ہو کہ؎
ہائے نی میں تے لٹی گئی
عمران خان ایک ایسا صور ہے جو تھوڑی تھوڑی دیر بعد بجتا ہے کہ فلاں قضائے الٰہی سے فوت ہوگئے ہیں نماز جنازہ بعد از نماز استقاء اٹھایا جائے گا، ثواب دارین پہلے آئیں پہلے پائیں۔
٭٭٭٭٭
خبروں بس کریں اویار!
ہم لاکھ کوشش کرتے ہیں کہ خبروں کو بھنبھوڑنا چھوڑ دیں اور زندگی بڑی حسین اس کا ہر موڑ ایک حسینہ ہے جس کی زلف کا اسیر ہونے میں بڑا لطف ہے وقت بہت اچھا کٹ جاتا ہے، اسی طرح اور بھی کئی موضوعات ہیں جن پر قلم اٹھا کر بہت کچھ اٹھایا جاسکتا ہے، مگر ہم ہیں کہ خواہ مخواہ سوئی ہوئی قوم کو جگانے کا غیر اخلاقی فریضہ ادا کرنے کے در پے ہیں، اگر ہمیں نیند نہ آنے کی بیماری ہے تو قوم کو ایسا کوئی عارضہ نہیں کیوں اس کے سرہانے بار بار بہ آواز بلند کہتے ہیں؎
اک پھل موتیئے دا مار کے جگا سونہڑیئے!
ادبیات کی ایک وسیع دنیا ہمارے ہاں ویران پڑی ہے کچھ اس کا احوال لکھیں کہ کس حال میںہے، پہلے کل پاکستان مشاعرے ہوتے تھے اب نہیں ہوتے، حالانکہ شاعر آج بھی ماضی کی طرح زیادہ افراط سے پیدا ہورہے ہیں، یہ بات بہت غلط ہے کہ کوئی اقبال، غالب، فیض نہیں پیدا ہورہے باقی سب پیدا ہورہے ہیں، ہر دور کی اپنی شاعری اور اپنا شاعر ہوتا ہے، مگر ہم ٹھہرے پرانے بت پرست، مندر کھنڈر بن گیا، بت اوندھے منہ گرے پڑے ہیں مگر ہماری پراتھنا جاری ہے، عشق میں بھی ہم لیلیٰ مجنوں، شیریں فرہاد، سوہنی مہینوال وغیرہ وغیرہ کے مکتب عشق سے باہر نہیں نکلتے، نئے نوجوان شاعر و شاعرات کیا کیا غضب کے خیال غیب سے لا رہے ہیں کچھ ان کی شاعری، زندگی بارے بھی تحریر کرنا ضروری ہے، مگر کیا کیجئے کہ حکمران کی چھینک بھی خبر ہے، اور ہم اس پر بھی یرحمکم اللہ کہے بغیر نہیں رہ سکتے۔
٭٭٭٭٭
فرمودات وتعلیقات
٭..... راناثناء اللہ: سیکورٹی اہلکار جنگ نہیں جہاد کررہے ہیں،
آپ بھی ماشاء اللہ مجاہد ہیں، کس کے خلاف جنگ نہیں جہاد کرتے ہیں۔
٭.....وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ: وزیراعلیٰ کے لئے وی آئی پی جیٹ طیارہ نہیں خریدا جارہا؟
طیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی تو نہیں۔
٭.....ویسے ہم مطلع کردیں کہ اس وقت وطن عزیز میں رسوا کن مافیا سرگرم ہے،
ن لیگیئے ہوشیار رہیں، مگر خدا جانے جعلی ٹرانزیکشن کا مصنف کون ہے؟
٭..... بھارتی سیکرٹری خارجہ: ایک رکن کی وجہ سے سارک تنظیم غیر موثر ہورہی ہے،
بھارتی سیکرٹری خارجہ پائریسی بند کریں، بڑی چالاکی سے ہمارا قول چرا لیا،
٭..... سرتاج عزیز: افغانستان سیکورٹی صورتحال کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا بند کرے،
امریکہ بھارت المعروف افغانستان یہ ناکردنی کیسے بند کرسکتا ہے؟
٭..... سال میں ایک دن ’’یوم السلام علیکم‘‘ بھی منانا چاہئے۔


.
تازہ ترین