• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر داڑھی والے کو دہشتگرد سمجھنے کا وقت گیا، مغرب اسلام فوبیا سے نکلے، چوہدری نثار

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ، صباح نیوز) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاست عمل اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سےنہیں،ہر داڑھی والے کو دہشت گرد سمجھنے کا وقت گیا،مغرب اسلام فوبیا سے باہر نکلے،کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے، مخالفین کی تقریروں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، غلط بیانی پر افسوس ہوتا ہے،مسائل کے حل کے لئے بلا تفریق کام کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنے حلقے انتخاب اور ٹیکسلا میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام نے ہمیشہ کارکردگی کو ترجیح دی اور اگر باقی لوگ بھی اس اصول پر اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں تو ملک کی حالت بدل جائیگی،آج کے پاکستان میں حالات یکسر مختلف ہیں ہر جگہ الٹی گنگا بہہ رہی ہے ،یک طرفہ پروپیگنڈے اور زبانی یلغار نے عوام کو سچائی اور دیانتداری کے اصولوں سے دور کر دیا ہے اور یہی ہمارے مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کا جواب دینا لازم ہے، دنیا کو اب اسلام فوبیا سے اور مغرب کو اسلام مخالف پالیسی سے باہر نکلنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہیں پیدا ہوئے اور یہیں دفن ہونگے۔ ہر داڑھی والے کو دہشتگرد سمجھنے کاوقت گیا،دہشتگرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں میں فرق ہے، مسائل کے حل کیلئے بلا تفریق کام کر رہے ہیں اور خواہش ہے کہ پسماندہ علاقے بھی ترقی یافتہ ہوں۔
تازہ ترین