• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج نے سرحد پار کرکے آنے والا فوجی بھارت کے حوالے کردیا، خیرسگالی کے تحت واپس کیا، پاکستان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں)پاک فوج نے گزشتہ سال ستمبرمیں لائن آف کنٹرول پارکرکے آزاد کشمیر میں داخل ہونے والے بھارتی فوجی چندو بابو لال چوہان کوباضابطہ طورپربھارت کے حوالے کر دیا گیاہے۔ چندولال بھارتی فوج سے ناراض ہوکر آیا تھا اورہتھیارپاکستانی فوج کے سامنے ڈالتے ہوئے بھارت واپس نہ جانے پراصرار کیا تھا۔ وزارت خارجہ اور آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے یہ فیصلہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر امن یقینی بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے، بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان علاقائی امن کو نقصان پہنچانے کی تمام سرگرمیوں کو مسترد کرتا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی فوجی کی حوالگی خوش آئند ہے ، نئی دہلی بھی دوستی کا ہاتھ بڑھائے ، بھارت سزا پوری کرنیوالے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا نہیں کر رہا۔ جبکہ بھارت نے بھی چندو بابو لال چوہان کی واپسی کی تصدیق کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال ستمبرمیں لائن آف کنٹرول پارکرکے آزاد کشمیر میں داخل ہونے والے بھارتی فوجی چندوبابولال چوہان کوباضابطہ طورپربھارت کے حوالے کردیاگیاہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اوروزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ہفتے کوجاری بیانات میں بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوجی چندوبابولال چوہان جومقبوضہ کشمیرمیں کنٹرول لائن پرتعینات تھا،کو واہگہ بارڈرپربھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ بھارتی فوجی کے بارے میں اس وقت بھارت نے یہ دعویٰ کیاتھاکہ چندولال غلطی سے کنٹرول لائن کے اس پار پاکستان کے علاقے میں پہنچ گیا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بھارتی سپاہی چندوچوہان نے 29 ستمبر 2016ء کو جان بوجھ کرکنٹرول لائن پارکی تھی اوراپنے ہتھیارپاکستانی فوج کے سامنے ڈالتے ہوئے بھارت واپس نہ جانے پراصرار کیاتھا۔ یہ بھی یادرہے کہ بھارتی فوجی اس روز لائن آف کنٹرول پارکرکے پاکستانی حدود میں داخل ہواتھاجب بھارتی فورسز نے آزادکشمیرکی سرحد پرنام نہادسرجیکل سٹرائیکس کادعویٰ کیاتھا۔ آئی ایس پی آر اور وزارت خارجہ بیان میں کہا گیاہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پرپاکستان نے بھارتی فوجی چندوبابولال کوبھارتی حکام کے حوالے کیا ہے تاہم بھارت پر واضح کیاگیاہے کہ پاکستان کی علاقائی امن و امان کی کوششوں کوکمزورنہ سمجھا جائے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتااور علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی تمام سرگرمیوں کو مسترد کرتا ہے۔ مذکورہ بھارتی اہلکاراپنے افسران کے رویوں سے دلبرداشتہ ہوکرپاکستان کی حدودمیں داخل ہوا تھا جسے اپنے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کامشورہ دیکر بالآخروطن واپس جانے کے لیے قائل کرلیا گیا اور ہفتے کودوپہرڈھائی بجے اسے واہگہ بارڈر پربھارتی حکام کے حوالے کردیاگیا۔ادھر بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی فوجی کی حوالگی خوش آئند ہے ، بھارت کو بھی دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہیے ، بھارت سزا پوری کرنے والے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا نہیں کر رہا ۔ ہفتہ کو بھارتی فوج کی جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی فوجی کی حوالگی خوش آئند ہے ۔ بھارت کو بھی ہاتھ آگے بڑھانا چاہیے۔ تعاون کی فضا دونوں اطراف سے قائم ہونی چاہیے ۔ پاکستان بھارت سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ بھارت سزا پوری کرنے والے سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا کرے ۔ ادھر بھارت نے لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان میں داخل ہونے والے فوجی چندو بابو لال چوہان کی واپسی کی تصدیق کردی۔ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان میں داخل ہونے والے فوجی چندو بابو لال چوہان کو وطن واپس بھجوادیا گیا ہے۔
تازہ ترین