• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاراچنار دھماکا، 25 افراد جاں بحق، 65 زخمی، 15 کی حالت نازک

پشاور/پاراچنار(نمائندہ جنگ؍نیوز ایجنسیز) کرم ایجنسی کے صدر مقام پارا چنار میں گزشتہ روز سبزی و فروٹ منڈی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 25افراد جاں بحق اور 65زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق روز مرہ کی طرح ہفتہ کی صبح بھی پارا چنارعیدگاہ مارکیٹ کے قریب سبزی و فروٹ منڈی میں خریدوفروخت جاری تھی کہ اچانک 8بجکر 50 منٹ پر زوردار دھماکے سے زمین لرز اٹھی اور ہرطرف افراتفری مچ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 25افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی میتیں اور65 زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اور 15شدید زخمیوں کو پشاور اور سی ایم ایچ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 15زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی خبر ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ، امدادی ٹیمیں، رضاکار اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دھماکوں میں اکثریت دکانداروں اور سبزی فروخت کرنے والوں کی بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی نمازجنازہ اجتماعی طور پر ادا کردی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اطلاع کے مطابق دھماکے کیلئے12 کلو بارودی مواد پھلوں کی پیٹی میں رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گرد واقعہ پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جبکہ سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردارتک پہنچایا جائے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد دوبارہ سر اُٹھانے کی کوششوں میں ناکام رہیں گے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ آرمی چیف نے پارا چنار دھماکے میں زخمی افراد کو ہر ممکن طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دکھ اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نےپارا چنارمیں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرناہوگا۔ دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ،قائد ملت جعفریہ اور مجلس وحدت المسلمین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، عمران خان، مولانا سمیع الحق، بلاول زرداری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، متحد ہ قومی مو ومنٹ (پا کستان) ، متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت ، مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکرٹری مالیا ت تنویر قریشی سمیت مختلف سیاسی،مذہبی اور سماجی تنظیموں نے دھماکے کی شدید مذمت اورمتاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ 
تازہ ترین