• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس،ڈاکٹروں کی ہدایت نظرانداز، وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

اسلام آباد(صالح ظافر) وزیراعظم نواز شریف اس وقت لندن میں ہیں اور وطن واپسی پر انہوں نے ڈاکٹروں کی ہدایت کے برعکس ڈیوس کے ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی، وزیراعظم نے برطانوی دارالحکومت میں اپنے قیام میں ایک روز کی توسیع کردی ہے۔وزیراعظم اب کل پیر کی بجائے منگل کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے ’’دی نیوز‘‘ کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے مالی وجوہات کی بنا پر محدود نشستوں والے طیارے میں سفر کیا ہے۔ ڈیوس کے شدید برف باری اور سردی کے موسم میں وزیراعظم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان میں معاشی مواقعوں سے آگاہ کیا ہے اور عالمی پلیٹ فارم پر اپنا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے ہٹ کر بھی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے اپنے ناریجن ہم منصب ایرنا سولبرگ سے ملاقات میں ٹریڈ اور ڈوپلمنٹ کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔ سوئیڈن کے وزیراعظم سے ملاقات میں وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کیا اور معصوم کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ سوئس صدر سے اپنی ملاقات میں وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے لئے معروضی، غیرامتیازی اپروچ کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، انہوں نے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ کشمیر عالمی تنازع ہے جو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ بل گیٹس سے ملاقات میں وزیراعظم نے انہیں اپنی حکومت کی جانب سے پولیو کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
تازہ ترین