• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا خواب پورا ہو رہا ہے پاناما لیکس کے بعد حکومت نے پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک اثاثوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ ان اثاثوں پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے گا، ٹیکس چوروں کا مستقبل تاریک ہے کیونکہ ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، کرپشن کے خلاف مجوزہ بل پارلیمنٹ سے منظور کروائیں گے۔ اسحاق ڈار نے دیر آید درست آید کے مصداق معیشت کو گھن کی طرح چاٹنے والے ٹیکس چوروں اور ملکی دولت بیرون ملک لے جا کر چھپانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ استعمال کرنے کا جو عندیہ دیا ہے اسے اقتصادی و سیاسی حلقوں میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ تین ساڑھے تین برسوں میں بیرونی ملکوں سے 24.93بلین ڈالرز کے قرضے لئے۔ اقتصادی میدان میں بلیم گیم سے مکمل طور پر اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت دنیا میں کوئی ملک باوقار مقام حاصل نہیں کر سکتا جب تک کہ اس کی اقتصادی پوزیشن مضبوط و مستحکم نہ ہو۔ چین کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ بلاشبہ چین عسکری طور پر ایک مضبوط ملک ہے تاہم اس نے گزشتہ دو تین دہائیوں میں جو محیر العقول اقتصادی ترقی کی ہے اس کی بنا پر ساری دنیا اسے ایک بڑی اقتصادی و عالمی طاقت تسلیم کرتی ہے۔ چین کا اقتصادی تعاون پاکستان کے لئے ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ ہمیں دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار قوم کا مقام حاصل کرنے کے لئے پہلے ایک بہت بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر اپنے آپ کو منانا ہو گا۔ علامہ اقبالؒ نے اس سلسلے میں ہماری درست رہنمائی کی تھی۔
ہو صداقت کے لئے جس دل میں مرنے کی تڑپ
پہلے اپنے پیکر خاکی میں جاں پیدا کرے


.
تازہ ترین