• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔مجھے آپ کا مشورہ چاہئے میں نے ایم بی اے فنانس کیا ہے جو ایم ایس اور ایم فل کے برابر ہے،آپ کا کیا مشورہ ہے مجھے آگے اپنی تعلیم کس اسپیشلائزیشن میں جاری رکھنی چاہئے؟ (اسد اللہ۔اسلام آباد)
ج۔سب سے پہلے تو میں آپ پر یہ واضح کردوں کہ ایم بی اے،ایم ایس یا ایم فل کے مساوی نہیں ہے یہ ایک پروفیشنل کوالیفکیشن ہے یا آپ اس کو کنورزن کورس کہہ سکتے ہیں جو آپ کو بزنس،مینجمنٹ،فنانس جیسی فیلڈز میں آگے کام کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے،اگر آپ نے دو سال کا ایم بی اے دو سال کے بی اے کے بعد کیا ہے تو آپ کے پاس 16سال کی کوالیفکیشن ہے،میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فنانس کی ہی فیلڈ میں ملازمت یا انٹرنشپ تلاش کریں،اپنی فیلڈ میں چند سال کام کرنے کے بعد آپ ایک متعلقہ اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
س۔میرے بھانجے نے بی ایس سی سوفٹ ویئر انجینئرنگ پاکستان سے کیا ہے اور اب انگلینڈ میں مقیم ہے،وہ ایم ایس سی کرنا چاہتا ہے،آپ کا مشور ہ چاہئے کہ وہ ایم ایس نیٹ ورکنگ کمیونیکیشن سسٹم،ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹم یا انفارمیشن اور کمیونیکیشن میں سے کس کا انتخاب کرے؟(عامر اقبال،کراچی)
ج۔ کمیونیکیشن کے جو ایم ایس سی میں آپ نے اپنے سوال میں لکھے ہیں یہ تینوں ایریاز کی بہت مانگ ہے لیکن یہ لازم ہے کہ آپ کا بھانجا ایم ایس سی کے بعد ملازمت کے مواقع بھی انگلینڈ میں ہی تلاش کرئے اس لئے میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ ا سپیشلائزیشن کے انتخاب کے لئےسب سے پہلے اس سے متعلق جاب مارکیٹ کے بارے میں بھی ریسرچ کرے کیونکہ پاکستان میں بیٹھے ہوئے میں آپ کے بھانجے کو انگلینڈ میں موجود کیریئر کے مواقعوں کے بارے میں نہیں بتا سکتا۔
س۔میںبی اے کا طالبعلم ہوں اور ایم اے انگلش لینگویج کرنا چاہتا ہوں،برائے کرم مجھے بتائیں کہ میرے لئے بہتر ملازمت کے حوالے سے کونسی فیلڈ بہتر ہو سکتی ہے؟یا مجھے سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کرنی چاہئے؟ (علی انور۔سرگودھا)
ج۔بی اے کرنے کے بعد یہ ضروری نہیں کہ آپ ماسٹرز کریں اور پھر سی ایس ایس کریں مجھے یقین ہے کہ آپ یہ جانتے ہوں گے کہ سی ایس ایس ایک مسابقتی امتحان ہے جس میں انگلش لینگویج،کرنٹ افیئرز، پاکستان افیئرز، اسلامک اسٹڈیز، بیسک سائنس اور اسپیشلائزڈ مضمون شامل ہوتا ہے،سی ایس ایس کے لئے آپ کو خصوصی توجہ اور سخت محنت سے تیاری کرنا ہوتی ہے،اگر آ پ کے پاس وقت ہے اور آپ انتھک محنت کر سکتے ہیں تو آپ سی ایس ضرور کریں،علاوہ ازیں آپ صوبائی حکومت میں ملازمتوں مثلاًایکسائز اور ایڈمنسٹریٹو پوسٹ یا پولیس جیسے شعبوں میں اپلائی کر سکتے ہیں۔
س۔میں نے بی کام کرنے کے بعد انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کراچی یونیورسٹی سے پارٹ ون مکمل کر لیا ہے،میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد میں کس شعبے میں ملازمت کے لئے اپلائی کروں؟ (خاور جاوید۔کراچی)
ج۔اگر آپ نے مجھ سے پہلے رابطہ کیا ہوتا تو میں آپ کو اُسی وقت انٹرنیشنل ریلیشن میں داخلے کےلئے منع کر دیتا،آپ کے لئے بہتر یہ تھا کہ آپ ایم ایس سی اسٹیٹسٹکس یا ایم کام کا انتخاب کرتے اور پھر اسپیشلائزیشن ہیلتھ اٹیسٹیشن میں کرتے، اس ایریا کی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں میں مانگ ہے، آئی آر کے بعد آپ ٹیچنگ یا میڈیا کی جاب کا انتخاب کرسکتے ہیں۔


.
تازہ ترین