• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔میری بیٹی او لیول مکمل کر چکی ہے اور اُس کا ارادہ ایم بی بی ایس پاکستان یا بیرون ملک سے کرنے کا ہے،میرا یہ سوال ہے کہ وہ اے لیول کرے یا پاکستان کے قومی نصاب جو کہ ایف ایس سی پری میڈیکل ہے اُس کا انتخاب کرے؟(مسز خاور،لاہور)
ج۔اگر آپ کی بیٹی اے لیول میں اے اسٹار یا اے گریڈز حاصل کر سکتی ہے اور وہ ایک ذہین طالبہ ہے تو وہ ایم بی بی ایس کے لیے اے لیول کا ہی انتخاب کرے اور اگر وہ بیرون ملک سے ایم بی بی ایس کرنا چاہتی ہے تو اے لیول بہترین رہے گا،اگر آپ سمجھتی ہیں کہ آپ کی بیٹی کو ایم بی بی ایس پاکستان سے کرنا چاہئے تو میرا مشورہ ہے کہ پاکستان کے قومی نصاب کا ہی انتخاب کریں اور ایف ایس سی پری انجینئرنگ کو اچھے پرسنٹیج کے ساتھ مکمل کریں جس کے بعد وہ پبلک سیکٹر کی کسی بھی یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے اپلائی کر سکتی ہیں۔
س۔میں نے مکینکل انجینئرنگ آنرز مکمل کیا ہے اور اب میں مینجمنٹ میں ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں،کیا انجینئرنگ اور مینجمنٹ ایک بہتر مجموعہ ہے ؟ اور مجھے فیلڈ میں کیریئر کے حوالے سے مواقع ملیں گے یا نہیں،کیا میں ایم بی اے کروں یا ایم ایس سی،آپ کی رائے کیا ہے؟ (خالد لطیف،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ چند سال انجینئرنگ کی انڈسٹری میں کام کریں اور کوشش کریں اگر آپ کو فل ٹائم جاب نہیں ملتی تو انٹرن شپ حاصل کریں،جب آپ کچھ سال کا تجربہ حاصل کر لیں گے تو آپ بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آپ کو مینجمنٹ کے لئے کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے اور وہ انجینئرنگ کی ڈگری کے ساتھ کتنا فائدہ مند ثابت ہوگا، ایم ایس سی ٹیکنالوجی مینجمنٹ، پروجیکٹ مینجمنٹ جیسے مضامین میں بھی کروائی جاتی ہے لیکن بہتر یہ ہے کہ آپ پہلے متعلقہ فیلڈ میں کام کریں۔
س۔میں نے ایف ایس سی جسے (ہائی اسکول کہتے ہیں) کینیڈا سے کیا تھا اور کچھ وجوہات کی بنا پر میں اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکا،اب میری عمر 39 سال ہے اور میں اسلام آباد میں مقیم ہوں،میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتا ہوں،براہ کرم مجھے بتائیں کہ کیا کرنا چاہئے؟ کیا میں اس عمرمیں تعلیم حاصل کر سکتا ہوں؟ (شفاقت منہاس،اسلام آباد)
ج۔سب سے پہلے تو میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ حصول تعلیم وقت اور عمر کی محتاج نہیں اور اس بات کو سراہتا ہوں کہ آپ مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں،میں نہیں جانتا کینیڈ ا سے جو ہائی اسکول آپ نے کیا ہے وہ پاکستان میں انٹرمیڈیٹ کے برابر ہے یا نہیں،اگر آپ اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے ،بہتر یہ ہو گا کہ آپ اپنے اورجنل ہائی اسکول سرٹیفکیٹ کے ساتھ فیڈرل بورڈ میں واقع آئی بی سی سی کے دفتر جائیں اور ایکولینس کے لئے اپلائی کریں،اگر آپ کوانٹرمیڈیٹ کی ایکولینس مل جاتی ہے تو آپ بیچلرز کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔


.
تازہ ترین