• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے جہازوں کی خریداری کیلئے بات چل رہی ہے،چیف ایگزیکٹو پی آئی اے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلڈن برینڈ نے کہا ہے کہ نئے جہازوں کی خریداری کے لئے بات چل رہی ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ڈائریکٹرز کی تعداد کم کی جائے، تاکہ پی آئی اے کے اخراجات کم کئے جا سکیں۔جبکہ ائیرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز(سی بی اے) کے صدر شمیم اکمل نے کہا ہے کہ ایئر لیگ عنقریب نیا چارٹر آف ڈیمانڈ پی آئی اے انتظامیہ کو پیش کرے گی۔ انتظامیہ فیصلے کرنے سے پہلے ملازمین کے نمائندوں کو اعتماد میں لے، ہم اس کے ساتھ مل کر پی آئی اے کی ترقی اور بحالی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ائیرلیگ کے ایک وفد نے جمعرات کو یہاںہیڈ آفس میںسی بی اے کے صدر اور سیکرٹری جنرل خرم الیاس کی قیادت میں پی آئی اے کے سی ای او سے ملاقات کی او ر ملازمین کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ شمیم اکمل نے کہا کہ ائیرلیگ ہی ملازمین کے حقوق کی ضامن ہے، جو وزیر اعظم کے پی آئی اے کی بحالی کے وژن کی مکمل تائید اور اس ضمن میں کئے جانے والے تما م مثبت اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ پالیسی میکنگ ہو یا جہازوں کی خریداری کا معاملہ، تمام فیصلے انتظامیہ کرتی ہے اور روٹس کھولنے یا بند کرنے کے فیصلے سمیت ملازمین کو کسی بھی معاملے میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔لیکن جب انتطامیہ کے یہ فیصلے ناکامی کا شکار ہوتے ہیں تو تمام ملبہ ملازمین پرڈال دیا جاتا ہے۔ چھوٹے کیڈر میں کام کرنے والے ملازمین کی غلطی پر تو ان کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ ہیلڈن برینڈ نے کہا کہ مجھے آج کی میٹنگ سے بہت خوشی ہوئی، ہم روزانہ کی بنیاد پر ایسی میٹنگز کریں گے۔ ملازمین کی جانب سے دی گئی تمام قابل عمل تجاویز پر ضرور غور کیا جائے اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
تازہ ترین