• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر گڑھے بھر رہے ہیں،میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے بھر رہے ہیں جو باعث شرم ہےقیام پاکستان سے لے کر اب تک کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہاہے، اس شہر کی اونر شپ نظر نہیں آرہی، کوئی اسے اپنانے کے لئے تیار نہیں ہے کراچی کے شہریوں کے شکوے دور ہونے میں دیر لگے گی، لائنزایریا میں دو پارک تعمیر کئے جا رہے ہیں جن پر پیر سے کام کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی دوپہر کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی اور لائنز ایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرسابق رکن صوبائی اسمبلی مسرور احمد، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم،سینئر ڈائریکٹر کچی آبادی / اینٹی انکروچمنٹ نذیر لاکھانی، یوسی 10کے چیئرمین ، واٹر بورڈ کے چیف انجینئر، علاقہ کونسلرز اور دیگر افراد بھی موجود تھے، میئر  نے کہا کہ یہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا علاقہ ہے لیکن بد حال ہے ، سڑکیں تباہ حال ہیں اورلوگ گٹر کا پانی پینے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں زمینوں کی لوٹ مار چل رہی ہے چائنا کٹنگ مافیا سرگرم عمل ہے، لائنزایریا کا برا حال ہے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کا حلیہ درست کرسکیں، انہوں نے کہا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے میں خود شہر کے مختلف ڈسٹرکٹس میں جا رہا ہوں، ضلع شرقی اور وسطی میں کام جاری ہے دیگر اضلاع کے مکین خود آگے بڑھیں اور ہونے والے کاموں میں ہاتھ بٹائیں،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ 8سالوں کا بگاڑٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میں نے دیکھا کہ یہاں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے بھر رہے ہیں جو باعث شرم ہے، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے منیجنگ بورڈ کا اجلاس 7 سال بعد منعقد کرنا حکومت کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، کراچی کے شہری قومی خزانے میں 65فیصد ریونیو دینے کے باوجود مشکل ترین زندگی گزار رہے ہیں۔
تازہ ترین