• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا سٹی کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام اذیت کا شکار ہیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی جگہ جگہ سڑکوں کی خستہ حالی، گندے پانی کے جوہڑوں اور کوڑے خانے کا منظر پیش کررہا ہے ۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی نے زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، عوام اذیت کا شکار ہیں، لیکن میگاسٹی کا کوئی پرسانِ حال نہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ شفیق موڑ تا اللہ والی سڑک فوری تعمیر کی جائے، سڑک سے کچرے کے ڈھیر صاف اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو مشکلات و پریشانیوں سے نجات دلائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نیو کراچی کے تحت گودھرا چوک پر (شفیق موڑ تا اللہ والی سڑک) کی خستہ حالی، کچرے کے ڈھیروں اور تجاوزات کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر زون نیو کراچی محمد احمد قاری، سیکریٹری زون حسن صدیقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ وہ کراچی جو عروس البلاد کہلاتا تھا آج گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے، شہر کی صورتحال انتہائی سنگین شکل اختیار کرگئی مگر کوئی اس صورتحال کو بہتر کرنے والا نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہوگئے لیکن عوام آج بھی بلدیاتی مسائل کا شکار ہیں اور کراچی میگا سٹی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے لیکن جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔عوامی مسائل کے حل اور حکمرانوں کو اس جانب توجہ دلانے کی کوششیں جاری رکھے گی ۔
تازہ ترین