• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر فلیش پوائنٹ بنچکا، اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، راجہ جاوید اقبال

برمنگھم (نمائندہ جنگ) اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال نے برمنگھم کے مقامی ہوٹل میں ’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے بریگزٹ کی طرز کے ریفرنڈم کا اہتمام کرے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ شہداء کی قربانیوں سے اس وقت کشمیر ایشو فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور صدر ریاست سردار مسعود خان نے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے کشمیر ایشو پر لابنگ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان پریس کلب مڈلینڈ انٹرنیشنل کے صدر زاہد خٹک، سینئر نائب صدر راجہ ناصرمحمود، انفارمیشن سیکرٹری ایس ایم ظاہر عرفانی، سیکرٹری مالیات آصف محمود براہٹلوی، عمران منور، باش چوہدری، زاہد باچہ، متین صحرائی، شکیل ڈار سمیت چوہدری عارف، ملک فتح حسین، فاروق احمد قادری موجود تھے۔راجہ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف آزاد خطہ میں ترقی کے خواہاں ہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران بائیس دورے انہوں نے آزاد کشمیر کے کئے۔ پاکستان کی طرز کے میگا پراجیکٹ آزادکشمیر میں بھی شروع ہیں، ہماری حکومت نے کفایت شعاری سے کام لیتے ہوئے گزشتہ پانچ ماہ میں تین ارب روپے کی خطیر رقم کی بچت کی جو اب براہ راست عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی، اوورسیز کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہماری حکومت نے اوورسیز کشمیرکمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا، کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے جلد ہی راجہ فاروق حیدر اپنے دورہ برطانیہ کے موقع پر اعلان کریں گے۔ اوورسیز کمشنربرائے کشمیر براہ راست برطانیہ سے آزاد کشمیر کے 10اضلاع کے ڈی سی سے رابطے میں ہوگا اور ترجیحی اور سپیڈی بنیادوں پر آپ کے مسائل کا حل کریں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ بیرون ممالک میں مقیم کاروباری شخصیات کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے ون ونڈو سہولتیں فراہم کریں گے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ایک سوال کے کہ کیا وجہ ہے کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین تبدیل نہیں ہورہا، اس پر ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک انتہائی زیرک سیاستدان ہیں ہر حکومت کے اتحادی ہوتے ہیں تو کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ انہیں دی گئی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تارکین وطن خطہ آزادکشمیر میں ہائیڈرو پراجیکٹس، سیاحت، صنعت وحرفت پر سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، حکومت ٹیکس میں ریلیف دے گی اور تمام تر معلومات اور امداد فراہم کرے گی۔
تازہ ترین