• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام کمیونٹیز کو مل کر نسلی تعصب کا مقابلہ کرنا ہوگا، مقررین

بری (راجہ خورشید حمید) ہیٹ کرائمز ہفتہ آگہی مہم کے سلسلے میں جناح ڈے سینٹر میں بری ایشین ویمنز سینٹر کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلمان خواتین سمیت بڑی تعداد میں مختلف کمیونٹیز کے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسلر شاہینہ ہارون، کونسلر تیمور طارق، کمیونٹی رہنما اکرم بیگ نے کہا کہ نسلی تعصب کے خلاف تمام کمیونٹیز متحد ہوکر ہی مقابلہ کرسکتی ہیں۔ برطانیہ جیسے ملٹی کلچرل معاشرے میں مذہبی اور نسلی امتیاز پر مبنی جرائمز میں اضافہ تشویشناک ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد مسلمانوں کے خلاف اقدامات اور برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج کے ریفرنڈم کے بعد برطانیہ میں ہیٹ کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ویمنز سینٹر کی ڈائریکٹر عائشہ عارف نے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ہیٹ کرائمز کے چھوٹے واقعے کو بھی پولیس کو رپورٹ کریں، اس سلسلے میں گریٹر مانچسٹر پولیس آپ کی مدد کے لیے چوبیس گھنٹے تیار ملے گی۔ مقامی پولیس کے اینڈی کا کہنا تھا کہ بری میں بسنے والی تمام کمیونٹیز ہماری ہیں اور ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ ایشین ویمنز سینٹر کے ساتھ مل کر ہم گھریلو تشدد اور ہیٹ کرائمز کے کیسز کو ڈیل کررہے ہیں۔ مقامی پولیس بھرپور کوشش کررہی ہے کہ ہیٹ کرائمز کے واقعات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ تقریب کی نظامت کرنی والی پامیلا ملک نے کہا کہ اگر آپ ہیٹ کرائمز کا شکار ہورہے ہیں تو آگے آئیں اور پولیس سے رابطہ کریں، اس سلسلے میں پولیس بھرپور مدد کے لیے تیار ہے۔ اگر آپ کو کوئی بری نظر سے یا ہیٹ کرائمز کا نشانہ بن رہے ہیں تو قانون آپ کی ہر لحاظ سے مدد کرے گا۔ تقریب کے دوران ہوم آفس کی خصوصی نمائندہ برائے ہیٹ کرائمز نے شرکا کو برطانیہ میں گزشتہ چند سال کے دوران ہونے والے ہیٹ کرائمز کے واقعات کے اعداد و شمار بتائے، جس کے مطابق مسلمانوں کے خلاف نسلی تعصب کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ تقریب سے مقامی لیڈر آف دی کونسل کونسلر رشی شوری، جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، کمیونٹی رہنما زاقیہ احمد، یاسمین عالم و دیگر نے خطاب کیا۔
تازہ ترین