• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وٹامن ڈی کا استعمال نزلہ یا فلو کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے

لندن (جنگ نیوز)وٹامن ڈی سپلیمنٹ کا استعمال برطانیہ میں ہرسال تین ملین سے زائد افراد کونزلے یا فلو سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ تحقیقی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ سورج کی روشنی سے بننے والا یہ وٹامن نہ صرف مضبوط ہڈیوں کیلئے بہت اہم ہے بلکہ یہ جسم کے مدافعتی نظام میں بھی ایک کردار ادا کرتا ہے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والے تجزیئے میں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ خوراک کو وٹامن کی آمیزش سے مضبوط و مستحکم بنایا جانا چاہئے تاہم پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) نے کہا ہے کہ انفیکشنز کے اعدادوشمار حتمی نہیں ہیں حالانکہ اس میں سپلیمنٹس کی سفارش کی جاتی ہے۔ پی ایچ ای نے یہ کہا ہے کہ ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت بہتر بنانے کیلئے اسے استعمال کیا جانا چاہئے۔ جسم کا مدافعتی نظام وٹامن ڈی کو اینٹی مائیکروبیال ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے جوکہ بیکٹریا اور وائرسز میں پنکچر کرکے سوراخ کردیتا ہے کیونکہ وٹامن ڈی دھوپ کی روشنی جلد پر پڑنے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے اس کی وجہ سے بہت سے لوگوں میں موسم سرما میں اس کی سطح کم ہوجاتی ہے سپلیمنٹس کے استعمال سے انفیکشنز کو روکنےکیلئے کئے جانے والے ٹرائلز کے نتائج ملے جلے آئے جس کے باعث تحقیقی ماہرین نے حتمی جواب کے حصول کیلئے 25مختلف ٹرائلز میں 11,321افراد سے کئے گئے سروے کا تجزیہ کیا۔ کوئین میری یونیورسٹی لندن پر تحقیقی ٹیم نےنظام تنفس کی نالیوں میں انفیکشنز دیکھا جس کے نتیجے میں متعدد امراض بشمول فلوسے لے کر نمونیا تک ہوسکتے ہیں مجموعی طور پر سٹڈی میں کہا گیا ہے کہ ہر 33افراد کی جانب سے وٹامن ڈی سپلیمنٹ کا استعمال ایک شخص کو انفیکشن سے بچاسکتا ہے۔ یہ فلو کی ویکسین سے زیادہ موثر ہے جسے ایک کیس روکنے کیلئے40افراد کے علاج کی ضرورت ہوتی ہے حالانکہ فلوعام نزلہ سے بہت زیادہ پریشان کن بیماری ہے جو افراد روزانہ یا ہفتہ وار پلز استعمال کرتے ہیں وہ بہت زیادہ فائدے میں رہتے ہیں وٹامن ڈی کے استعمال کی افادیت اس لئے بھی ہے کہ یہ جسم میں کیلشیم اور فاسفیٹ کی مقدار کو متوازن رکھتا ہے جوہڈیوں، دانتوں اور پٹھوں کو صحت مند رکھنے اور ان کی بڑھوتری کیلئے اہم ہے بالغ افراد میں وٹامن ڈی کی کمی سے ہڈیوں میں شدید درد اور پٹھوں میں کھچائو ہوجاتا ہے۔
تازہ ترین