بینبری (مریم فیصل)برطانیہ میں سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں میں مختلف ثقافتوں سے آگاہی دینے کے لئے بچوں کو تقریباً ہر مذہب اور ثقافت کے بارے میں بھی پڑھایا جاتا ہے۔ اس کے لئے تہواروں اور تقریبات کا انعقاد سکولوں میں کیا جانا غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ لیکن معلوم ہوتا ہے برطانوی گوروں کوبالی ووڈ فلموں اور گانوں کا انداز کچھ زیادہ ہی بھاتا ہے۔ ایسی ہی ایک تقریب بینبری کے اورچڈ فیلڈ کمیونٹی سکول میں بھی منعقد کی گئی جس کا نام بالی ووڈ ایوننگ رکھا گیاتھا۔ اس میں بچوں کے ساتھ والدین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ سکول کے ہال میں بچے بچیاں انڈین فلموں کے گانوں پر ڈانس پرفارمنس دے رہے تھے اور والدین تالیاں بجا کر ان کی پذیرائی کر رہے تھے۔ تقریب میں مخصوص انڈین کھانے بھی رکھے گئے۔ اس تقریب کے بارے میں والدین کی مختلف رائے سامنے آئیں۔ کچھ کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ برطانیہ ایک ملٹی کلچرل معاشرہ ہے جہاں ہر مذہب اور ثقافت سے تعلق رکھنے والے اپنی ثقافت اور مذہب کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں لیکن یہ بھی درست ہے کہ یہاں انڈین کلچرکا ذکر کچھ زیادہ ہی کیا جاتا ہے۔ ایک اور والدہ نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ میرے تین بچے یہاں نرسری سے پڑھتے ہیں لیکن جتنا زیادہ انڈین تہواروں کو منایا جاتا ہے عید، بقر عید کبھی نہیں منائی گئی۔ ایک اور صاحب جو ٹرانسپورٹ سے وابستہ ہیں ان کے دو بیٹے سکول میں زیر تعلیم ہیں ان کا کہنا تھا کہ آزاد معاشرے میں بعض باتیں اچھی نہیں لگتیں لیکن زیادہ انڈین تہواروں کا ذکر کیا جاتاہے یہ کبھی نہیںسنا کہ عید ملن پارٹی منائی جاری ہے ۔