• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علامہ تصور نقوی پر قاتلانہ حملے کیخلاف مظفرآباد میں تمام مکاتب فکر کے افراد کا پرمن احتجاجی دھرنا

مظفرآباد(نا مہ نگار )مجلس وحدت المسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصورحسین نقوی الجوادی پر قاتلانہ حملے کیخلاف دارالحکومت میں تمام مکاتب فکر اور زندگی کی مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد  نے سہیلی سرکار چوک میں پُرامن احتجاجی دھرنا دیا، مظاہرین نے علامہ جوادی پر حملے کو کسی فرقہ کے بجائے آزادکشمیر کے امن پر وار قرار دے دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ہمیں اس وقت ریاست کی وحدت کے لیے اور آزادکشمیر کے اندر مکمل مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمن کی سازشوں کو اپنی یکجہتی، بے مثال اتحاد اور اتحاد بین المسلمین کے زریعے ناکام بنانا ہوگا ۔بند کرو بند دہشتگردی بند کروکے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے ۔احتجاجی دھرنا سے ،علامہ ناصر عباس جعفری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین پاکستان ،علامہ سید کفایت حسین نقوی ،سید شبیر حسین بخاری،نذیر حسین شاہ ،مسلم کانفرنس کے رہنما سید مرتضیٰ گیلانی ،سید یاسر نقوی ،تصور موسوی ،راجہ ثاقب مجید ،کامران بیگ ،اصغرنثار میر ،سہیل مغل صدر پریس کلب ،راجہ آفتاب احمد خان صدر سنٹرل بار ،تاجر رہنمائوں عبدالرزاق ،میر امتیاز احمد ،راجہ فرخ ممتاز مسلم لیگ ن ،افضال سلہریا یو کے پی این پی ،پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائز شوکت جاوید میر ،سید شائق گیلانی ،محترمہ سمعیہ ساجد ،محترمہ عندلیب صابر ناظمہ آئی او ،احسن کاظمی ،سید شجاعت علی کاظمی ،جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر کے سینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین ناصر عباس شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی ،مرکزی رہنما محمد اصغر اصغری ،مرکزی رابطہ سیکرٹری ملک اقرار حسین ودیگر نے خطاب کیا ۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ حکومت اور انتظامیہ کیلئے سوالیہ نشان ہے کہ وہ ابھی تک قاتلانہ حملہ کرنیوالوں کیخلاف کسی بھی موثر کارروائی میں ناکام نظر آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگردی ہے اور اس دہشتگردی کیخلاف پوری ریاست اکٹھی ہے ہم دہشتگردوں کے عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔آزادکشمیر کے اندر اس وقت تمام مکاتب فکر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں اور یہ کارروائی انہی ملک دشمنوں کی گھنائونی حرکت ہے کہ جو اس وقت ریاست پاکستان کی سالمیت اور افواج پاکستان ہمارے حسا س اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں علامہ جوادی نے کبھی بھی فرقہ واریت کے حوالہ سے بات نہیں کی وہ سب کیلئے انتہائی شفقت اور پیار محبت کا رشتہ رکھتے تھے انہوں نے ہمیشہ اپنے خطابوں میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصرجو اتحاد بین المسلمین کیخلاف سازشیں کررہے ہیں اُن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ہم سب کو اکٹھا ہونا ہوگا ۔احتجاج کے آخر میں علامہ جوادی اور اُن کی اہلیہ کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔مظفرآباد( )مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آج سے پاکستان بھراور ریاست بھر  میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ تصورحسین نقوی الجوادی پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ،سید تصور حسین نقوی الجوادی محبت ،وحدت ،اتحاد،بھائی چارے ،وطن دوستی کی آواز تھے اُن پر گولیاں چلانے والوں نے ریاست کی وحدت پر حملہ کیا ہے اُ ن کی اہلیہ کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا غیر مند کبھی عورت پر ہاتھ نہیں اُٹھتے ،8سال قبل مرکزی امام بارگاہ میں خودکش حملہ ہوا اور آج ایک بار پھر دہشتگردوں نے محب وطن سکالر کو نشانہ بنایا ہے ،دہشتگردی کے یہ سارے واقعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں ریاست کا اصل باشندہ کبھی اسطرح کی حرکت نہیں کر سکتا دہشتگردی کا یہ واقعہ گھس بیٹھیوں اور پالے ہوئے دہشتگردوں کی کارروائی ہے ۔ہم پرامن لوگ ہیں اداروں نے اگر اسطرح کی کارروائیاں نہ روکی تو دہشتگرد ملک دشمن ریاست کو برباد کر دیں گے۔یہ کون لوگ ہیں کیا ریاستی ادارے اور ایجنسیاں ان کی شناخت نہیںرکھتیں؟اُن کیخلاف کارروائی نہ ہونا افسوس کا مقام ہے۔ریاستی عوام کو دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو کر صدائے احتجاج بلند کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مفتی سید کفایت حسین نقوی ،چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر سید شبیر بخار ی،سینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین ناصر عباس شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی ،مرکزی رہنما محمد اصغر اصغری ،مرکزی رابطہ سیکرٹری ملک اقرار حسین کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین پاکستان آزادکشمیر علامہ تصورحسین نقوی الجوادی پر دن دیہاڑے حملہ کیا گیا مظفرآباد چھوٹا سا شہر ہے حملہ آور دہشتگردوں کا بچ کر فرار ہونا سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔یہ یا تو سکیورٹی اداروں کی غفلت ہے یا نالائقی کا نتیجہ ہے ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کیخلاف اور ریاست میں امن کے قیام کے حق میں آج بعدازنماز جمعہ پاکستان بھراور آزادکشمیر بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائیگا ۔اگر ہم احتجاج نہ کرتے تو آج گلی محلوں میں دہشتگردوں کا راج ہوتا انہوں نے کہا کہ اچانک سے پاکستان میں اور آزادکشمیر میں تسلسل سے دہشتگردی کے واقعات ہونا بڑے خطرے کی علامت ہے ۔ادارے سب جانتے ہیں دہشتگردوں کیخلاف موثرکارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے مظفرآباد کے عوام کا اتحاد یکجہتی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔مظلوم کشمیریوں کو اُن کا حق دیا جائے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے جس جدوجہد میں نہتے عوام کا خون شامل ہو وہ جدوجہد ضرور رنگ لاتی ہے بھارتی حکومت ایک قاتل ،ظالم ،بے رحم اور وحشی حکومت ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی ۔
تازہ ترین